Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / ملے پلی میں پولیس کا جاب میلہ، نوجوانوں کا غیرمعمولی ردعمل

ملے پلی میں پولیس کا جاب میلہ، نوجوانوں کا غیرمعمولی ردعمل

جاب کنسلٹنٹ کے نام ’’ویان‘‘ کی اجرائی، نوجوانوں کو استفادہ کا مشورہ

حیدرآباد 10 ستمبر (سیاست نیوز) تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کے لئے اب ہر طرف سے موقع فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ پہلے سرکاری محکموں کے ایسے شعبے ہی سرگرم ہوتے تھے جو یوتھ سرویس، طبقہ واری بہبودی ڈپارٹمنٹ کے عہدیدار ایک مہم کے طور پر آگہی و شعور بیداری کے اقدامات کرتے تھے لیکن اب پولیس محکمہ بھی اس کوشش میں جٹ گیا ہے حالانکہ پولیس کی ان خدمات کو کمیونٹی فرینڈلی پولیس کا حصہ تصور کیا جارہا ہے لیکن سماج کے مختلف گوشوں سے پولیس کے اس اقدام کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے۔ کیوں نہ ہوں پولیس نے کسی کی زندگی سنوارنے کے اقدامات کا بیڑا جو اُٹھایا ہے۔ حیدرآباد سٹی پولیس کی جانب سے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار سے مربوط کرنے اور ان کی قابلیت کے لحاظ سے روزگار فراہم کرنے کی کوشش بڑے پیمانے پر جاری ہے اور اس کے لئے شعور بیداری بھی کی جارہی ہے۔ اس سلسلہ میں حیدرآباد سٹی پولیس نے ایک گاڑی ’’ویان‘‘ کو بھی جاری کیا ہے اور اس کو ’’جاب کنسلٹنٹ‘‘ کا نام دیا گیا ہے اور ہمہ اقسام کے روزگار کی اطلاعات کو مربوط کردیا گیا۔ قابلیت کے لحاظ سے علاقہ واری اطلاعات بھی فراہمی کی جارہی ہیں اور یہ تمام سہولیات عوام کی دہلیز تک مفت پہونچائی جارہی ہے۔ امیدوار کو آن لائن رجسٹریشن کا موقع بھی فراہم کیا گیا ہے اور یہ گشتی ویان محلہ واری سطح پر گھوم رہی ہے اور متعلقہ پولیس حدود کے ذمہ دار اس کے ذریعہ علاقہ کے بے روزگار نوجوانوں کو راغب کرتے ہوئے مؤثر نمائندگی کررہے ہیں۔ امیدوار کو چاہئے کہ وہ آن لائن درخواست کے ذریعہ تعلیمی قابلیت ہو یا پھر ٹکنیکل قابلیت اسناد کی تفصیلات اپنی مکمل تفصیلات اور فون نمبر درج کروادیں تاکہ انھیں ان کی قابلیت کے لحاظ سے روزگار کی اطلاعات فراہم کی جاسکیں۔ گزشتہ ہفتہ حبیب نگر پولیس اسٹیشن حدود میں اس طرح کے جاب میلہ کا انوارالعلوم کالج ملے پلی میں انعقاد میں لایا گیا تھا جس پر عوامی ردعمل سے پولیس خود حیرت زدہ ہوگئی۔ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے ان اقدامات سے بھرپور استفادہ کے لئے کوشش جاری ہے۔ تلنگانہ میناریٹی ویلفیر سنگم نے اس سلسلہ میں پولیس کی مہم کے استفادہ کے لئے اپنی خدمات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بانی و صدر تلنگانہ میناریٹی ویلفیر سنگھم ایم اے رؤف خان نے اس خصوص میں بے روزگار نوجوانوں سے خواہش کی ہے کہ وہ اس موقع سے استفادہ کریں۔ روزگار ایک اہم مسئلہ ہے جو نہ صرف آمدنی بلکہ اپنے آپ کو مصروف رکھنے میں کافی مددگار ثابت ہوتا ہے جس سے نوجوان نسل بالخصوص تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگار طبقہ عدم استحکام کا شکار نہیں ہوتا ہے۔ بے روزگار نوجوان حیدرآباد سٹی پولیس کی ویب سائیٹ سے رجوع ہوکر اپنی درخواست داخل کرسکتے ہیں جس کا پتہ www.hyderabadcitypolice.gov.in/jobs.html ہے۔

TOPPOPULARRECENT