ممبئی اسپتال آتشزدگی میں 8ہلاک،28کی حالت نازک

ممبئی، 18 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کے اندھیری میں ایمپلائی اسٹیٹ انشورنس کارپوریشن (ای ایس آئی سی) کے اسپتال میں آگ لگنے سے جھلس کر تین دیگر افراد کی موت ہوگئی جس سے مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 8 ہوگئی۔ آگ میں 145 لوگ جھلس گئے تھے جس میں سے 28 کی حالت نازک ہے ۔فائر بریگیڈ محکمے کے افسر نے بتایا کہ یہاں کی پانچ منزلہ عمارت کی چوتھی منزل پر پیر کی شام چار بجے آگ لگ گئی تھی۔

ممبئی آتش زدگی میں ہلاک ہونے والوں کو 10 لاکھ روپئے کا معاوضہ
نئی دہلی ،18دسمبر(سیاست ڈاٹ کام )مرکزی وزیرمحنت وروزگار سنتوش گنگوار نے ممبئی کے امپلائز اسٹیٹ انشورنس کارپوریشن (ای ایس آئی سی )اسپتال میں آتش زدگی میں ہلاک ہونے والے لوگوں کے ورثا کو 10،10لاکھ روپئے کا معاوضہ دینے کا اعلان کیاہے ۔مسٹر گنگوار نے منگل کو یہاں اس حادثہ پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آتش زدگی میں شدیدطورپر زخمی ہونے والوں کو دودولاکھ روپئے اور معمولی طور پر زخمی ہونے والوں کو ایک ایک لاکھ روپئے کی مدد دی جائیگی ۔وزارت محنت اور روزگار کے مطابق اسپتال میں آگ لگنے کے اسباب کا پتہ لگایاجارہاہے ۔ابتدائی اطلاع میں کہاگیاہے اسپتال میں تعمیر نو کے کام سے متعلق سامان میں آگ لگ گئی اور ہرطرف دھواں پھیل گیا۔اس حادثہ میں دم گھٹنے سے آٹھ لوگوں کی موت ہوگئی اور 158لوگ بیمار ہوگئے ۔

راہول کاممبئی ہسپتال میں آگ سے ہونے والی اموات پر رنج
نئی دہلی، 18 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے ممبئی کے مضافاتی علاقہ اندھیری میں واقع کامگار ہسپتال میں آگ سے ہونے والی اموات پر رنج و غم کا اظہار کیا۔مسٹر گاندھی نے فیس بک پوسٹ پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا، ‘‘ممبئی کے اندھیری میں واقع ای ایس آئی سی کامگار ہسپتال میں آگ میں 8 افراد کی موت کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا’’۔انہوں نے کہا، ‘‘سانحہ میں مارے گئے لوگوں کے رشتہ داروں اور دوستوں کے تئیں میری گہری ہمدردی۔ میں حادثے میں جھلسے لوگوں کی جلد صحت مند ہونے کی آرزو کرتا ہوں’’۔

TOPPOPULARRECENT