Wednesday , June 20 2018
Home / کھیل کی خبریں / ممبئی انڈینس کا آج رائل چیلنجرس بنگلور سے مقابلہ

ممبئی انڈینس کا آج رائل چیلنجرس بنگلور سے مقابلہ

ممبئی ۔ 5 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کامیابی کی سمت واپسی کرچکی دفاعی چمپیئن ممبئی انڈینس گھریلو میدان کے حالات کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے کامیابی کے سلسلہ کو برقرار رکھنے کیلئے کوشاں ہوں گی لیکن کل اس کا مقابلہ متوازن اور طاقتور ٹیم رائل چیلنجرس بنگلور سے ہوگا۔ ممبئی انڈینس جس کے آئی پی ایل 7 کے ابتدائی مرحلہ جوکہ متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوئے تھے، نے مظاہرہ انتہائی مایوس کن رہے جہاں اسے 5 مقابلوں میں صد فیصد ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن ہفتہ کے دن کنگس الیون پنجاب کے خلاف کھیلے گئے مقابلے میں ممبئی انڈینس نے ناکامی کے ایک طویل سلسلہ کو توڑتے ہوئے پہلی کامیابی 5 وکٹوں کی شکل میں حاصل کی ہے۔ یہ اسٹیڈیم ممبئی انڈینس کیلئے ایک مضبوط قلعہ بنچ کا ہے جہاں جس نے گذشتہ برس 8 مقابلوں میں ایک بھی ناکامی حاصل نہیں کی۔ ممبئی انڈینس کی ٹیم جوکہ ٹیموں کے جدول میں نچلی سطح پر پہنچ چکی ہے جس کی اصل وجہ ممبئی انڈینس کا بیٹنگ شعبہ ہے جس کی ناکامی کے باعث اسے متواتر 5 ناکامیاں برداشت کرنی پڑی لیکن ہندوستان منعقد ہونے کے بعد ٹورنمنٹ کے پہلے مقابلے میں میزبان ٹیم کے بیٹنگ شعبہ میں خصوصاً کیرن پولارڈ نے غیرمعمولی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو پہلی کامیابی دلوائی ہے۔ ممبئی انڈینس کو بیٹنگ کے آغاز میں ہنوز مسائل کا سامنا ہے کیونکہ مائیکل ہسی، کپتان روہت شرما، آدتیہ تارے، بن ڈنک اور سی ایم گوتم کو آزمایا ہے لیکن کسی بھی جوڑی نے ٹیم کو بہتر شروعات فراہم نہیں کی۔ ونڈے میں تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ اپنے نام رکھنے والے نیوزی لینڈ کے آل راونڈر جیمس اینڈرسن نے گذشتہ مقابلہ میں 25 گیندوں میں 35 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ پولارڈ بھی بہتر فام میں واپسی کرچکے ہیں جیسا کہ انہوں نے سن رائزس حیدرآباد کے خلاف 48 گیندوں میں 78 رنز اور کنگس الیون پنجاب کے خلاف 12 گیندوں میں 28 رنز کی اننگز کھیلی ہے۔ ممبئی انڈینس کیلئے لستھ ملنگا نے 9 وکٹیں اور ظہیرخان نے 5 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے ٹیم کو بیٹنگ کے برعکس بولنگ شعبہ میں بہتر مظاہرہ فراہم کیا ہے لیکن ظہیرخان کے زخمی ہونے کے بعد کل کھیلے جانے والے مقابلہ میں ان کی شمولیت غیریقینی صورتحال کا شکار ہے۔ اسپن شعبہ میں توجہ کا مرکز ٹیم کے سینئر اسپنر ہربھجن سنگھ ہوں گے جن کے ساتھ پرگیان اوجھا بھی موجود ہیں۔ آر سی بی جس نے متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے اپنے گذشتہ مقابلہ میں ممبئی کو 115 رنز تک محدود رکھنے کے علاوہ باآسانی یہ نشانہ حاصل کرلیا تھا لیکن کل کھیلے جانے والے مقابلہ میں حالات مختلف ہوسکتے ہیں۔ زخمی ہونے کی وجہ سے بنگلور کے ابتدائی 4 مقابلوں میں شرکت کرنے سے محروم رہنے والے کریس گیل نے پہلے مقابلہ میں تیز رفتار 20 رنز اسکور کرتے ہوئے اپنی شاندار واپسی کا اشارہ دیا ہے جبکہ ویراٹ کوہلی، یوراج سنگھ اور اے بی ڈی ولیرس بیٹنگ شعبہ کے طاقتور نام ہیں۔ کپتان کوہلی گذشتہ چند مقابلوں سے بہتر مظاہرہ کرنے میں ناکام ہیں جبکہ یوراج سنگھ کے مظاہروں میں بھی استقلال کا فقدان ہے۔ تاہم اے بی ڈی ولیرس نے حیدرآباد کے خلاف گذشتہ مقابلہ میں 42 گیندوں میں ناقابل تسخیر 89 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں تنہا اپنا رول ادا کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT