Tuesday , November 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / ممبئی انڈینس کو آج ڈیرڈیولس سے سخت مقابلہ

ممبئی انڈینس کو آج ڈیرڈیولس سے سخت مقابلہ

ظہیرخاں کی ٹیم کا مستحکم موقف ، روہت شرما کی ٹیم کیلئے کرو یا مرو کی صورتحال
وشاکھاپٹنم ۔ 14 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل ) کا ایک میچ دہلی ڈیر ڈیولس اور دفاعی چمپئنس ممبئی انڈینس کے درمیان کا اتوار کو یہاں کھیلا جائے گا ۔ سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف اطمینان بخش کامیابی حاصل کرنے کے بعد دہلی ڈیرڈیولس ( ڈی ڈی ) اب ممبئی انڈینس ( ایم آئی ) کے خلاف بھی فتح کے ساتھ اپنی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھنا چاہتے ہیں ۔ آئی پی ایل کے پہلے نصف میں ڈیرڈیولس کا متاثرکن ریکارڈ رہالیکن دوسرے نصف میں پے در پے شکست کے بعد ان کی فتوحات کا سلسلہ تھم گیا تھا ، تاہم سن رائزرس کے خلاف کامیابی نے ظہیرخان کی زیرقیادت اس ٹیم کا اعتماد بحال کردیا ہے۔ اے سی اے ۔ وی ڈی سی اے اسٹیڈیم میں کل کھیلے جانے والے اس میچ میں کامیابی کی صورت میں دہلی ڈیرڈیولس کی چار سرکردہ ٹیموں میں واپسی کے امکاات کو ممید تقویت ملے گی ۔ ظٔہیرخاں کی ٹیم تاحال 10 میچس کھیلتے ہوئے 12پوائنٹس کے ساتھ تیسرے مقام پر ہے ۔ سن رائزرس حیدرآباد کے 14 اور گجرات لائینس کے بھی 14 پوائنٹس ہیں۔ اس کے برخلاف ممبئی انڈینس کے لئے کل کا میچ ’’کرو یا مرو‘‘ جیسی فیصلہ کن صورتحال کا حامل ہوگا کیونکہ شکست کی صورت میں یہ ٹیم پلے آف کی دوڑ سے اخراج کے دہانے پر پہونچ جائے گی ۔ ممبئی انڈینس 12 میچوں میں 12 پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے پانچویں مقام پر ہے اور کل کے بعد اس کے کھاتہ میں صرف ایک میچ باقی رہ جائے گا ۔ طاقتور سن رائیزرس کے خلاف ڈیرڈیولس نے انتہائی اعلیٰ معیاری آل راؤنڈ مظاہرہ کیا تھا حالانکہ اس میچ میں اُس کے کپتان ظہیرخاں شامل نہیں تھے تاہم وہ میچ سے باہر رہنے کے باوجود اپنی ٹیم کی موثر رہنمائی کرتے رہے تھے ۔ وشاکھاپٹنم میں کل ہونے والا مقابلہ ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرما اور ان کی ٹیم کیلئے نمایاں اہمیت کا حامل ہے اور یہ ٹیم ٹورنمنٹ میں بقاء کیلئے ممکنہ جدوجہد پر توجہ مرکوز کررہی ہے ۔
میچ کا آغاز رات 8:00 بجے سے ہوگا

TOPPOPULARRECENT