Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / ممبئی سے روانہ ہونے والے تلنگانہ کے حجاج کرام کی وطن واپسی

ممبئی سے روانہ ہونے والے تلنگانہ کے حجاج کرام کی وطن واپسی

تلنگانہ حج کمیٹی سے حجاج کا استقبال ، پروفیسر ایس اے شکور کی مبارکباد
حیدرآباد ۔ 4۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے 39 حجاج کرام کا قافلہ مدینہ منورہ سے آج وطن واپس ہوگیا۔ یہ حجاج کرام جن کا تعلق ویٹنگ لسٹ سے ہے، ممبئی سے روانہ ہوئے تھے ، لہذا ان کی واپسی بھی ممبئی عمل میں آئی ہے۔ سعودی ایرلائینس کی فلائیٹ سے یہ حجاج کرام منگل کی رات دیر گئے ممبئی پہنچے جہاں تلنگانہ حج کمیٹی کے عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔ ایرپورٹ سے باہر نکلنے پر حج کمیٹی کی جانب سے اسنیکس فراہم کئے گئے اور دو خصوصی بسوں کے ذریعہ حیدرآباد لایا گیا۔ 39 حجاج میں سے دو حاجیوں نے اپنے خرچ پر بذریعہ طیارہ حیدرآباد واپسی کا فیصلہ کیا جس کے باعث 37 حاجی دو بسوں کے ذریعہ آج رات حیدرآباد پہنچے۔ ہر بس میں حج کمیٹی نے ایک ڈاکٹر ، میل نرس اور تین رکنی اسٹاف کو متعین کیا تھا ۔ سفر کے دوران حجاج کرام کیلئے ناشتہ اور لنچ کا انتظام کیا گیا اور یہ حج ہاؤز پہنچنے کے بعد اپنے اپنے مقامات روانہ ہوگئے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے اس قافلہ کے حجاج کرام کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سے روانہ ہونے والے تمام حجاج کرام کی واپسی کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آخری قافلہ میں دراصل 43 حجاج موجود تھے جن میں سے دو مقررہ تاریخ سے قبل ہی وطن واپس ہوچکے ہیں ۔ اس طرح 41 حجاج کو مدینہ منورہ سے ممبئی پہنچنا تھا۔ مدینہ منورہ کے ایرپورٹ پر حیدرآباد کے بارکس علاقہ سے تعلق رکھنے والے حاجی حبیب الیاس بغدادی بورڈنگ کارڈ حاصل کرنے کے بعد اپنی والدہ محترمہ کے ساتھ راستہ بھٹک گئے۔ طیارہ کے اڑان بھرنے تک وہ نہیں پہونچے ۔ لہذا سعودی ایرلائینس نے دونوں کے بغیر ہی اڑان بھردی۔ بعد میں تلنگانہ حج کمیٹی نے ان سے ربط قائم کیا جس پر بتایا گیا کہ وہ نماز کی ادائیگی کیلئے ایرپورٹ کے کسی حصہ میں گئے تھے ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے سعودی ایرلائینس سے بات چیت کی اور کل جمعرات کی فلائیٹ سے دونوں کی واپسی کا انتظام کیا۔ دونوں حاجی کل مدینہ منورہ سے ممبئی پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 24 گھنٹے تک دونوں حاجیوں کو ایرپورٹ پر قیام کرنا ہوگا ۔ کیونکہ انہوں نے بورڈنگ کارڈ حاصل کرلیا ہے ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ جاریہ سال حج کیمپ کا کامیابی سے انعقاد عمل میں آیا ہے اور واپس ہونے والے تمام حجاج کرام نے انتظامات کی ستائش کی ۔

TOPPOPULARRECENT