ممبئی سے چلائے جانے والا منشیات کا ریاکٹ بے نقاب

اسپیشل آپریشن ٹیم مادھاپور کی کارروائی ، چار افراد بشمول حیدرآبادی گرفتار
حیدرآباد /26 مارچ ( سیاست نیوز ) شہر میں منشیات کے ایک ریاکٹ کو اسپیشل آپریشن ٹیم مادھاپور نے بے نقاب کردیا ۔ صنعت نگر پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں ایس او ٹی نے ممبئی سے چلائے جارہے اس ریاکٹ کو بے نقاب کیا اور 4 افراد بشمول ایک حیدرآبادی کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 3 لاکھ روپئے مالیتی منشیات ، کوکین ، ہیروئین و دیگر نشیلی اشیاء کو ضبط کرلیا جو ایک گرام کے پیاکٹ پر مشتمل تھے اور گراہکوں تک پہونچانے کیلئے تیار کئے ۔ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے عین وقت پولیس نے اس ٹولی کو گرفتار کرلیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس بالانگر مسٹر گوردھن نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 38 سالہ آفتاب عالم عرف ساحل عرف پپو 42 سالہ امتیاز امام علی قریشی عرف سلیم 40 سالہ شمیم عالم ساکنان ممبئی اور 27 سالہ رفعت مہدی علی خان ساکن چنچل گوڑہ کو گرفتار کرلیا ۔ صنعت نگر کے علاقہ بھرت نگر یں ایک ریسٹورنٹ کے قریب کارروائی کے دوران اس ٹولی کو بے نقاب کیا گیا ۔ علی خان ایونٹ منیجمنٹ کا کام کرتا ہے اور ان تینوں نے اس کو منشیات کی فروخت کیلئے استعمال کیا اور چار افراد نے منصوبہ تیار کرتے ہوئے منشیات کو فروخت کرنے کی سازش رچی ۔ علی خان سے مختلف اقسام کے شہری رابطہ میں رہتے تھے ۔ اس وجہ سے رفعت کو گراہکوں کی تلاش مشکل نہیں تھی ۔ تینوں نے ممبئی سے ہیروئین اور کوکین خرید کر حیدرآباد میں فروخت کرنا چاہا ۔ ایک گرام پر مشتمل ایک پیاکٹ کی قیمت 10 ہزار روپئے تک مقرر کی گئی ۔ اسپیشل آپریشن ٹیم نے عین وقت کارروائی میں اس ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا ۔ اے سی پی نے کہا کہ عنقریب ان ملزمین کو پولیس تحویل میں لیکر مزید تحقیقات کی جائے گی ۔

TOPPOPULARRECENT