Monday , December 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / ممبئی مراتھن پر افریقی ممالک کے اتھیلیٹس کا کامل غلبہ

ممبئی مراتھن پر افریقی ممالک کے اتھیلیٹس کا کامل غلبہ

مردوں کی دوڑ کینیا کے گڈیون کپ کیٹر اور خواتین کی دوڑ ایتھوپیا کی شیکو جینیمو نے جیت لی
ممبئی 17 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) کینیا کے گڈیون کپ کیٹر نے 13 ویں اسٹانڈرڈ چارٹرڈ ممبئی مراتھن جیت لی ہے ۔ اس مراتھن میں تمام مشرقی افریقی ممالک کے اتھیلیٹس نے اپنا غلبہ برقرار رکھا ہے اور تمام ٹاپ تین مقامات انہیں کے حصے میں آئے ہیں۔ کپ کیٹر نے ابتداء سے ہی تیز رفتار انداز میں اپنی دوڑ کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے اس کو آخری تک برقرار رکھا ۔ نصف دوڑ کی تکمیل تک بھی انہوں نے تنہا اپنی سبقت برقرار رکھی تھی اور دوڑ کے ختم تک بھی کوئی ان کو پیچھے چھوڑ نہیں پایا ۔ کپ کیٹر نے 2:08:35 کے وقت میں یہ دوڑ مکمل کی ۔ انہوں نے 2013 میں بنائے گئے ریکارڈ کو مزید ایک سکنڈ سے بہتر بنالیا ۔ یہ ریکارڈ یوگانڈا کے جیکسن کپراپ نے قائم کیا تھا ۔ کپ کیٹر کو اس کامیابی کے ذریعہ 56,000ڈالرس کی انعامی رقم حاصل ہوئی ہے جبکہ اس میں ٹریک ریکارڈ کو بہتر بنانے کے 15,000 ڈالرس کا بونس بھی شامل ہے ۔ دوسرے مقام پر ایتھیوپیا کے سیبوکا دیبابا رہے جنہوں نے دو گھنٹے 9 منٹ اور 20 سکنڈ میں یہ دوڑ مکمل کی ۔ کینیا کے ماریوس کیموٹائی نے تیسرا مقام حاصل کیا ۔ انہوں نے دو گھنٹے 9 منٹ اور 39 سکنڈ میں یہ دوڑ پوری کی ۔ اسی طرح خواتین کے زمرہ میں ایتھیوپیا کی شیکو جینیمو نے یہ خطاب جیت لیا ہے ۔ انہوں نے دو گھنٹے 27 منٹ اور 50 سکنڈ میں یہ فاصلہ طئے کیا اور 2013 میں قائم کئے گئے ٹریک ریکاڈ کو مزید دو منٹ سے بہتر بنایا ۔ سابقہ ریکارڈ ویلینٹائین کپ کیٹر کا تھا ۔ خواتین کے زمرہ میں دوسرا مقام کینیا کی بورنیس کٹور نے حاصل کیا جنہوں نے دو گھنٹے 32 منٹ میں یہ فاصلہ طئے کیا جبکہ ویلنٹائین کپ کیٹر نے دو گھنٹے 34 منٹ اور 7 سکنڈ میں یہ دوڑ پوری کرتے ہوئے تیسرا مقام حاصل کیا ۔ ہندوستان کیلئے چار سالہ ڈومیسٹک ریکارڈ آرمی اسپورٹس انسٹی ٹیو آف پونے کے رنرس نتیندر سنگھ راوت اور گوپی ٹی نے بہتر بنایا ۔ اتر کھنڈ کے راوت نے دسواں مقام حاصل کیا اور یہ فاصلہ دو گھنٹے 15 منٹ اور 48 سکنڈ میں پورا کیا ۔ کیرالا کے گوپی ایک منٹ کے فرق سے راوت سے پیچھے رہے ۔

TOPPOPULARRECENT