Monday , July 23 2018
Home / Top Stories / ممبئی میں بارش، مسلسل دوسرے دن عام زندگی مفلوج

ممبئی میں بارش، مسلسل دوسرے دن عام زندگی مفلوج

ٹرین اور روڈ ٹریفک معطل، پٹریوں اور سڑکوں پر پانی، جمعرات تک بارش کی پیش قیاسی

ممبئی 10 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی اور اس کے نواحی علاقوں میں جاری موسلا دھار بارش کے نتیجہ میں لگاتار دوسرے دن آج بھی ٹرین سرویس بُری طرح متاثر رہی جس کے نتیجہ میں عام زندگی مفلوج ہوگئی۔ عہدیداروں نے کہاکہ ویسٹرن ریلوے کے ایک سیکشن پر پٹریوں پر پانی جمع ہوجانے کے سبب نیم مضافاتی خدمات معطل کردی گئیں۔ متعدد طویل مسافتی اور بین شہری ایکسپریس ٹرینس تاخیر سے چلیں یا منسوخ کردی گئیں۔ شہر کے متعدد نشیبی علاقوں پڑوسی تھانے اور پال گھر میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔ سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں اور ہزاروں افراد کو کمر برابر پانی سے گزرتے ہوئے دیکھا گیا۔ ممبئی میں آبرسانی کا ایک بڑا ذریعہ سمجھی جانے والی تلسی جھیل بھی موسلا دھار بارش کے سبب لبریز ہوکر سڑکوں پر بہنے لگی۔ ممبئی کے مشہور ڈبہ والوں نے بھی آج اپنی خدمات کو معطل رکھا۔ اس دوران ہندوستانی محکمہ موسمیات نے جمعرات تک موسلا دھار یا انتہائی موسلا دھار بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ قلابہ میں واقع اس کی رصدگاہ نے 24 گھنٹوں گزشتہ روز 8.30 بجے صبح تا آج 8.30 بجے صبح کے دوران ممبئی میں 165.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی۔ سانتا کروز رصدگاہ نے اسی مدت کے دوران نیم مضافاتی ممبئی میں 184.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی۔ ریلوے کے ایک عہدیدار نے کہاکہ کل رات سے تاحال 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

TOPPOPULARRECENT