Sunday , December 17 2017
Home / Top Stories / ممبئی میں لگاتار دوسرے روز موسلادھار بارش، پروازیں اور عام زندگی متاثر

ممبئی میں لگاتار دوسرے روز موسلادھار بارش، پروازیں اور عام زندگی متاثر

سب اربن ٹرین سرویسس میں خلل، ڈبہ والا سرویس ایک دن منسوخ، اسکولس اور کالجس بند، جمعرات کو مزید بارش کی محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی
ممبئی۔20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شہر اور مضافات میں آج لگاتار دوسرے روز موسلادھار بارش نے عام زندگی درہم برہم کردی، ممبئی ایرپورٹ پر فلائٹ آپریشنس میں خلل پڑگیا اور اس تجارتی دارالحکومت میں سب اربن ٹرین سرویسس تاخیر سے چلانا پڑا ہے۔ بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے ڈزاسٹر مینجمنٹ سل کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ مسلسل بارش کے بعد ابھی تک کوئی خوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ تاہم ممبئی میٹروپولیٹن ریجن کے اسکولوں اور کالجوں کو موسلادھار بارش کے تناظر میں آج بدستور بند رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو سٹی کے کئی حصوں بشمول سائوتھ ممبئی، بوری ویلی، کاندی ویلی، اندھیری اور بندھوپ میں کافی بارش ہوئی ہے لیکن کسی جانی نقصان کی شہر کے کسی بھی حصہ سے کوئی اطلاع وصول نہیں ہوئی ہے۔ ممبئی پولیس نے آج دیرگئے سمندر میں اونچی لہرٹیں اٹھنے کا انتباہ بھی دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز صبح 8:30 بجے سے آج صبح 5:30 تک کولابہ رصد گاہ میں 210 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ اتنے ہی وقت میں سانتا کروز آبزرویٹری میں 303.7 ملی میٹر بارش درج ہوئی ہے۔ محکمہ کے عہدیدار نے ماہی گیروں کو سمندر میں دور تک جانے کے خلاف متنبہ کیا ہے۔ ممبئی ایرپورٹ میں پروازوں کی آمد و رفت موسلادھار بارش اور حد بصارت میں کمی کے سبب متاثر ہوئی ہیں۔ 108 فلائٹس منسوخ ہوئیں۔ گزشتہ رات بڑے رنوے (09/27) پر اسپائس جٹ کا طیارہ پھسل جانے سے مسئلہ پیچیدہ ہوگیا کیوں کہ اس حادثہ میں پرائیویٹ ایرپورٹ آپریٹر کو اپنے آپریشنس سیکانڈری رنوے پر منتقل کرنے پر مجبور ہونا پڑا جہاں سے محدود آپریشنس ہی انجان دیئے جاسکتے ہیں۔

ایرپورٹ کے عہدیدار نے کہا کہ آج صبح تک ایک دو نہیں بلکہ 56 فلائٹس کا رخ مختلف ایرپورٹس کی طرف موڑنا پڑا کیوں کہ بڑا رنوے بدستور استعمال میں نہیں ہے جس کی وجہ وہاں پھنسا ہوا اسپائس جٹ کا طیارہ ہے۔ ایرپورٹ کے حکام پوری کوشش کررہے ہیں کہ رنوے کا یہ مسئلہ آج کسی طرح حل ہوجائے۔ ممبئی ایرپورٹ جو ملک کا دوسرا مصروف ترین ایرپورٹ ہے، روزانہ 930 فلائٹس کے لیے خدمات فراہم کرتا ہے اور فی گھنٹہ اوسطاً 48 پروازوں کی آمد و رفت ہوتی ہے۔ دریں اثناء ایک عہدیدار نے بتایا کہ سب اربن ٹرین سرویسس 10 تا 15 منٹ تاخیر سے چلائی جارہی ہیں۔ آج ان ٹرینوں میں نسبتاً کم ہجوم دیکھنے میں آیا کیوں کہ لوگ مزید بارش کی پیش قیاسی کے سبب گھروں میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ سنٹرل ریلوے کے ترجمان اعلی سنیل اداسی نے کہا کہ چند مختصر مسافت والی لوکل ٹرینوں کو کل رات منسوخ کردینا پڑا تاکہ مجموعی طور پر سرویسس میں خلل کو ٹالا جاسکے۔ بی ایم سی کے عہدیدار نے کہا کہ شہر کے دو بڑے راستوں ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے اور ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر گاڑیوں کی آمد و رفت تو رکی نہیں لیکن کچھ حد تک سست ضرور پڑ گئی ہے۔ بریہن ممبئی الیکٹریسٹی سپلائی اینڈ ٹرانسپورٹ (بسٹ) کے ترجمان ہنومنت گوفانے کے مطابق بسیں معمول پر چل رہی ہیں اور ان کا رخ ادھر ادھر موڑنے کی حاجت نہیں ہوئی ہے۔ تاہم ممبئی کی زندگی کا اہم حصہ ڈبہ والا سرویس آج منسوخ کردی گئی۔ شہر میں دفتر جانے والے افراد کو زائد از دو لاکھ ٹفنس کی فراہمی اسی سرویس کے ذریعہ انجام پاتی ہے۔

جبلپور میں سوائن فلو سے اب تک 19افراد کی موت
جبلپور۔20ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے ضلع جبلپور میں سوائن فلو سے اب تک 19افراد کی موت ہوچکی ہے ۔ سرکاری نیتاجی سبھاش چندر بوس میڈیکل کالج کے سوائن فلو وارڈ کے انچارج ڈاکٹر دیپک برکڑے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اس برس اب تک 183مریضوں کے سیمپل ٹسٹ کے لئے بھیجے گئے جن میں سے 58 نمونے پوزٹیو پائے گئے ۔ پانچ مریضوں کی رپورٹ آنی باقی ہے ۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں تین اموات ہوئی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT