Friday , December 15 2017
Home / ہندوستان / ممبئی :کاندیولی سلم بستی میں مہیب آگ ‘2 افراد ہلاک ‘1000 جھونپڑیاں خاکستر

ممبئی :کاندیولی سلم بستی میں مہیب آگ ‘2 افراد ہلاک ‘1000 جھونپڑیاں خاکستر

ممبئی 7 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ممبئی کے سب اربن کاندیولی میں ایک وسیع سلم بستی میں لگی مہیب آگ کے نتیجہ میں کم از کم 1000 جھونپڑیاں جل کر خاکستر ہوگئیں ۔ اس آگ میں دو افراد زندہ جل گئے جبکہ مزید گیارہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ آج دو پہر 12.15 بجے سے 12.45 بجے کے درمیان مہندرا اینڈ مہیندرا کمپنی کی گیٹ نمبر 5 کے قریب اکرلی روڈ کاندیولی ایسٹ میں پیش آیا ۔ سمجھا جاتا ہے کہ اس مقام پر کئی اشیا کے گودام واقع ہیں۔ میونسپل کارپوریشن آف گریٹر ممبئی نے ایک اعلامیہ میں بتایا کہ آگ نے 500×1000 علاقہ کو گھیر لیا تھا اور تقریبا 1000 جھونپڑیوں کو خاکستر کردیا ہے ۔ کارپوریشن نے بتایا کہ دو افراد کو مردہ حالت میں دواخانہ کو لایا گیا تھا جن میں ایک کی شناخت 45 سالہ پرہلاد کھرت کی حیثیت سے ہوئی تھی جبکہ دوسرے کی ابھی تک شناخت نہیں ہوسکی ہے ۔ حالانکہ ابھی اس حادثہ کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ہے لیکن مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہاں سلسلہ وار سلینڈر دھماکوں کی وجہ سے آگ لگی تھی ۔ زخمیوں میں 10 افراد کو معمولی زخم آئے ہیں جبکہ ایک شخص کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے اور وہ 30 فیصد تک جھلس گیا ہے ۔ ڈی سی پی دھننجے کلکرنی نے کہا کہ زخمیوں کو قریبی شتابدی ہاسپٹل میں شریک کردیا گیا ہے ۔ عہدیدار کے بموجب گیس سلینڈرس کے سلسلہ وار دھماکوں کی وجہ سے ابتداء میں راحت و امدادی سرگرمیاں متاثر رہیں اور پولیس و فائر بریگیڈ کا عملہ وہاں نہیں پہونچ سکا تھا ۔ پولیس و فائر بریگیڈ کے عملہ کے ساتھ مقامی عوام نے بھی آگ بجھانے کی کوششوں میں حصہ لیا تھا۔ مقامی افراد کی جانب سے متاثرین کو امداد پہونچانے کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT