Thursday , November 23 2017
Home / Top Stories / ممبئی کا آج آئی پی ایل 10 فائنل میں پونے سے مقابلہ

ممبئی کا آج آئی پی ایل 10 فائنل میں پونے سے مقابلہ

حیدرآباد۔20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا دسواں ایڈیشن اب اپنے نئے چیمپئن سے صرف ایک قدم کی دوری پر کھڑا ہے اور اس کا فیصلہ کل یہاں حیدرآباد کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا۔ پہلی مرتبہ فائنل میں پہنچی رائزنگ پونے سوپر جائنٹس یہ خطاب حاصل کرتی ہے یا اسٹار کھلاڑیوں پر مشتمل ممبئی انڈینس خطابی ہیٹ ٹرک مکمل کرتی ہے ۔ ممبئی انڈینس کی ٹیم پونے کے خلاف اپنے گھریلو میدان میں شکست کے بعد دوسرے کوالیفائر میں پہنچی اور چوتھی مرتبہ آئی پی ایل کے فائنل میں اپنی جگہ بنالی ہے۔ ممبئی نے جمعہ کو بنگلور میں منعقدہ مقابلے میں کولکتہ نائٹ رائڈرس کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی اور بلند حوصلے کے ساتھ وہ فائنل میں پہنچی ہے ۔یہ بھی دلچسپ حقیقت ہے کہ انڈین پریمیئر لیگ کے دسویں ایڈیشن میں ممبئی اور پونے کے درمیان کھیلے گئے گزشتہ تین مقابلوں میں پونے ٹیموں کی فہرست میں پہلے مقام پر رہی ممبئی انڈینس کو شکست دی ہے ۔ پونے نے ٹورنمنٹ کے افتتاحی میچ میں ہی ممبئی کو اپنے گھریلو میدان پر سات وکٹ سے شکست دی تھی۔ اس کے بعد پونے نے ممبئی کو اسی کے میدان پر تین رن سے شکست دی تھی۔ پونے جہاں سب سے پہلے فائنل میں پہنچنے کے بعد گزشتہ چند روز کے آرام کی وجہ سے تر و تازہ ہے اور وہ ممبئی کے خلاف کامیابی کا چوکا لگانے اترے گی وہیں دو مرتبہ کی چیمپئن روہت شرما کی ٹیم کے لئے یہ مقابلہ یقیناً ہی نفسیاتی دباؤ والا ہوگا۔ رواں سیزن پونے نے بھلے ہی ممبئی انڈینس کو متواتر تین مرتبہ شکست دی ہے، جسے نفسیاتی سبقت حاصل ضرور ہوگی لیکن اسٹار کھلاڑیوں سے سجی ممبئی انڈینس بھی ناکامیوں کو پس پشت ڈالتے ہوئے ایک نئی شروعات کیلئے کوشاں ہوگی۔ چوتھا فائنل کھیلنے والی ممبئی انڈینس کی ٹیم خطاب کیلئے پسندیدہ موقف میں ہے لیکن پونے کی ٹیم میں توجہ کا مرکز مہیندر سنگھ دھونی بھی موجود ہیں جو اس وقت بھلے ہی کسی ٹیم کے کپتان نہ سہی لیکن ان سے پونے کی ٹیم اُمیدیں وابستہ کرچکی ہے کیونکہ انہوں نے اپنی قیادت میں چینائی سوپر کنگس کو آئی پی ایل کے علاوہ چمپینس لیگ کا خطاب بھی دلوایا ہے۔ پونے اپنے نئے کپتان آسٹریلیائی بیٹسمین اسٹیو اسمتھ کی قیادت میں پہلی مرتبہ فائنل میں پہنچی ہے ، اور آئندہ سال یہ ٹیم آئی پی ایل کا حصہ نہیں ہوگی لہذا کپتان اسمتھ اور تجربہ کار دھونی اپنی ٹیم کو چمپین بنانے کے لئے تمام تر تجربہ کو بروئے کار لاسکتے ہیں۔ پونے کا بیٹنگ شعبہ اجنکیا رہانے ، اسمتھ اور دھونی کے اردگرد ہی گھومتا ہے جبکہ ممبئی میں کپتان روہت کے علاوہ کئی ایسے بیٹسمین موجود ہیں جو تنہا ٹیم کو کامیابی دلواسکتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT