Monday , December 11 2017
Home / کھیل کی خبریں / ممبئی کو آج گجرات کیخلاف کرو یا مرو صورتحال

ممبئی کو آج گجرات کیخلاف کرو یا مرو صورتحال

کانپور ۔ 20 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سوائے کامیابی کے دفاعی چمپیئن ممبئی کو پلے آف میں رسائی سے کوئی چیز فائدہ نہیں پہونچاسکتی ، جیسا کہ کل وہ گجرات کے خلاف یہاں کھیلے جانے والے مقابلے میں کرو یا مرو صورتحال کا سامنا کررہی ہے۔ 13مقابلوں میں ممبئی کو 7 فتوحات حاصل ہوئی ہیں اور وہ پانچویں مقام پر فائز ہے جبکہ 14 نشانات کے ذریعہ ہی رائل چیلنجرس بنگلور تیسرے مقام پر اور کولکتہ نائیٹ رائیڈرس چوتھے مقام پر فائز ہیں۔ گجرات کے خلاف کل اگر ممبئی کو شکست ہوتی ہے تو اسے ٹورنمنٹ سے باہر ہونا پڑیگا اور پلے آف میں رسائی کی اس کی تمام تر اُمیدیں دم توڑ دے گی ۔ 16 اپریل کو دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے مقابلے میں لائینس کو شکست ہوئی تھی اور وہ کل کھیلے جانے والے مقابلے میں کامیابی کے ذریعہ گزشتہ شکست کا حساب برابر کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ دوسری جانب گجرات 13 مقابلوں میں 16 نشانات کے ذریعہ دوسرے مقام پر فائز ہے اور کل ممبئی کے خلاف کامیابی کا مطلب اس کی پلے آف میں رسائی ہوگی لیکن اس مقابلے میں شکست کا اسے شدید نقصان بھی برداشت کرنا پڑسکتا ہے کیونکہ اس کی شکست کا راست فائدہ دیگر ٹیموں کو ہوگا لہذا ٹورنمنٹ میں پہلی مرتبہ شرکت کررہی گجرات لائینس کی ٹیم ان حالات سے خود کو محفوظ رکھنے کی کوشاں ہوگی ۔

دو مرتبہ کی چمپیئن ممبئی کی ٹیم فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھنے میں ناکام ہوئی ہے اور رواں سیزن اسے جو بھی کامیابی ملی وہ ناکامی کے بعد حاصل ہوئی ہے ۔ دہلی ڈیرڈیولس کے خلاف گزشتہ مقابلے میں 80 رنز کی کامیابی سے ممبئی کے حوصلے بلند ہیں اور وہ کامیابی کے اس سلسلے کو اہم مقابلے میں برقرار رکھنے کیلئے خواہاں ہیں۔ ممبئی کا زیادہ تر انحصار کپتان روہت شرما اور امباٹی رائیڈو کی بہتر بیٹنگ پر ہے جبکہ گزشتہ مقابلے میں نوجوان آل راؤنڈر کرونن پانڈیا نے 37 گیندوں میں 86 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کیلئے ایک خوش آئن اننگز کھیلی ہے ۔ جوس بٹلر اور کرن پولارڈ بھی اس اہم مقابلے میں بہتر مظاہرے کیلئے آگے آسکتے ہیں۔ بولنگ شعبہ میں بیرونی بائیں ہاتھ کے بولر مچل 17 وکٹوں کے ذریعہ ٹورنمنٹ میں سب سے آگے ہیں جبکہ جسپریت بومرا 14 وکٹوں کے ساتھ ٹیم کیلئے اہم رول ادا کررہے ہیں ۔ ہربھجن سنگھ 8 وکٹوں اور پانڈیا 6 وکٹوں کے ساتھ ٹیم کی توقعات کو پورا نہیں کرپائے ہیں۔ گجرات جس نے ٹورنمنٹ کا کامیاب آغاز کیا تھا لیکن رواں ماہ کھیلے گئے مقابلوں میں اسے ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ ٹیم میں کپتان سریش رائنا کی واپسی سے اس کی بیٹنگ طاقت میں اضافہ ضرور ہوگا۔     مقابلے کا آغاز رات 8:00 بجے ہوگا

TOPPOPULARRECENT