Tuesday , January 23 2018
Home / کھیل کی خبریں / ممبئی یا چینائی کا آج ٹورنمنٹ سے اخراج یقینی

ممبئی یا چینائی کا آج ٹورنمنٹ سے اخراج یقینی

ممبئی ۔ 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل کے ساتویں ایڈیشن کے اپنے آخری گروپ مرحلہ کے مقابلہ میں راجستھان رائلس کے خلاف سنسنی خیز کامیابی حاصل کرتے ہوئے پلے آف میں رسائی حاصل کرنے والی دفاعی چمپیئن ممبئی انڈینس کا کل یہاں کھیلے جانے والے پہلے المینیٹر مقابلہ میں دو مرتبہ کی چمپیئن چینائی سوپرکنگ سے ہوگا۔ ممبئی انڈینس جس نے اپنے آخری مقابلہ میں راجستھان رائلس کے خلاف آخری گیند پر چھکا اسکور کرتے ہوئے پلے آف میں داخل ہونے والی آخری ٹیم بنی ہے اور وہ اس شاندار کامیابی کے سلسلہ کو چینائی کے خلاف بھی جاری رکھنے کیلئے کوشاں ہے اور باربرون میدان میں کل کھیلا جانے والا مقابلہ ایک شاندار مقابلہ ہوسکتا ہے۔ دونوں ہی ٹیمیں اس حقیقت سے اچھی طرح واقف ہیں کہ ایک شکست انہیں ٹورنمنٹ سے باہر کرسکتی ہے۔ نیوزی لینڈ کے آل راونڈر کورے اینڈرسن نے انتہائی دباؤ کے مقابلہ میں 44 گیندوں میں 95 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلتے ہوئے راجستھان کے خلاف اپنی ٹیم کو پلے آف میں پہنچانے والی کامیابی دلوائی ہے۔ ممبئی انڈین کو 190 رنز کا ہمالیائی اسکور صرف 15 اوورس میں حاصل کرنا تھا اور کورے اینڈرسن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس ناقابل یقین کامیابی کو یقینی بنایا۔ دفاعی چمپیئن ٹیم نے مشکل ترین حالات کے بعد پلے آف میں رسائی حاصل کی ہے

جیسا کہ اسے متحدہ عرب امارات میں منعقدہ پہلے مرحلہ کے تمام پانچوں مقابلوں میں ناکامیاں برداشت کرنی پڑی تھی لیکن ان ناکامیوں کو پس پشت ڈالتے ہوئے ممبئی انڈینس نے آسٹریلیائی سابق اوپنر مائیکل ہسی اور ویسٹ انڈیز کے بیٹسمین لینڈل سمنس کے ساتھ ایک کامیاب اوپننگ جوڑی حاصل کرلی ہے۔ لینڈل سمنس ٹورنمنٹ میں بنائی جانے والی واحد سنچری کا اعزاز اپنے نام رکھتے ہیں۔ امباٹی رائیڈو اور کپتان روہت شرما بہترین فام میں موجود ہیں جس سے اس کا میڈل آرڈر مضبوط ہوچکا ہے اور کیرون پولارڈ کسی بھی لمحہ ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ ممبئی انڈینس کا بولنگ شعبہ لستھ ملنگا کی عدم موجودگی سے کمزور دکھائی دیتا ہے جبکہ پروین کمار کو زخمی ظہیرخان کے مقام پر شامل کیا تھا لیکن وہ بھی زخمی ہوگئے اور کل چینائی سوپر کنگس کے خلاف کھیلے جانے والے اہم مقابلہ میں ان کی شرکت ہنوز غیریقینی صورتحال کا شکار ہے۔

دوسری جانب چینائی سوپرکنگس نے متواتر تین ناکامیوں کا سلسلہ توڑتے ہوئے اپنے آخری گروپ مرحلہ کے مقابلہ میں رائل چیلنجرس بنگلور کو شکست دی ہے۔ چینائی کا بیٹنگ شعبہ کافی مضبوط ہے جس میں ڈیون اسمتھ اور نیوزی لینڈ کے کپتان برنڈن مکالم پر مشتمل اوپنرس کی جوڑی موجود ہے۔ اسمتھ نے یہاں 501 رنز اسکور کئے ہیں جبکہ مکالم 380 رنز کے ساتھ کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔ جنوبی افریقی کھلاڑی فاف ڈوپلیسی نے گذشتہ مقابلہ میں بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے فام میں واپسی کا اشارہ دیا ہے۔ مہندر سنگھ دھونی، سریش رائنا اور رویندر جڈیجہ میڈل آرڈر میں ٹیم کا استحکام ہے۔ بولنگ شعبہ میں موہت شرما 18 وکٹوں کے ساتھ ٹیم کے کامیاب ترین بولر ہیں جبکہ آل راونڈر جڈیجہ 16 وکٹوں کے ساتھ ان کا بہترین ساتھ دے رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT