Friday , April 20 2018
Home / Top Stories / ممتا بنرجی کی اپوزیشن لیڈروں سے ملاقات

ممتا بنرجی کی اپوزیشن لیڈروں سے ملاقات

این سی پی لیڈر شرد پوار کی عشائیہ میں شرکت ، سونیا گاندھی سے بھی ملاقات متوقع
نئی دہلی۔27مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کی وزیراعلی اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لئے غیر کانگریسی اور غیربی جے پی مشترکہ محاذ قائم کرنے کی مہم کے تحت آج یہاں تلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) اور تلنگانہ راشٹر سمیتی کے اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات کی۔دہلی کے دورہ پر آئیں بنرجی نے پارلیمنٹ کے احاطہ میں ٹی ڈی پی لیجسلیٹیو پارٹی کے لیڈر اور سابق مرکزی وزیر وائی ایس چودھری اور پارٹی کے دیگر اراکین پارلیمنٹ سے بات چیت کی۔ بنرجی نے ٹی آر ایس کی کویتا سمیت پارٹی کے کچھ دیگر اراکین پارلیمنٹ سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمان سوگت رائے ، کلیان بنرجی، دنیش ترویدی اور کچھ دیگر اراکین پارلیمان بھی موجود تھے ۔میٹنگ میں شامل ٹی ڈی پی کے رکن پارلیمنٹ رام موہن نائیڈو نے بتایا کہ بنرجی نے کہاکہ ان کی پارٹی آندھراپردیش کو مالیاتی پیکج دینے کی مانگ کی مکمل حمایت کرتی ہے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ٹی ڈی پی کو انصاف دلانے کے لئے ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے ۔ مسٹر نائیڈو نے کہاکہ کسانوں کے مسائل جیسے کئی ایسے قومی امور ہے جن پر دونوں جماعتوں کی رائے یکساں ہے اور وہ ملکر ان کے لئے جدوجہد کریں گے ۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی آج یہاں اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات کر کے 2019 کے لوک سبھا انتخابات کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کریں گی۔ترنمول کانگریس کے ذرائع کے مطابق بنرجی آج رات یہاں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر شرد یادو کی طرف سے منعقد ضیافت میں حصہ لیں گی۔بنرجی کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی سے بھی ملاقات کر سکتی ہیں۔ یہ ایک رسمی ملاقات ہوگی۔قابل غور ہے کہ بنرجی نے اسی ماہ کے آغاز میں سونیا گاندھی کی طرف سے منعقد 19 اپوزیشن پارٹیوں کی میٹنگ میں حصہ نہیں لیا تھا لیکن اپنے نمائندہ کے طور پر سدیپ بندوپادھیائے کو اس کے لئے نامزد کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT