Sunday , December 17 2017
Home / اضلاع کی خبریں / مناسک حج کی بھرپور توجہ سے ادائیگی ضروری

مناسک حج کی بھرپور توجہ سے ادائیگی ضروری

کریم نگر میں عازمین حج کے تربیتی پروگرام سے ڈاکٹر انیس صدیقی کا خطاب
کریم نگر۔ 16 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حج کی صحیح ادائیگی کیلئے اس کے احکام اور مسائل کو اچھی طرح سمجھ لینا چاہئے تاکہ اعمال حج صحیح طریقہ سے ادا کئے جاسکیں۔ ڈاکٹر انیس صدیقی نے یہ بات کہی۔ وہ کریم نگر حج سوسائٹی کے زیراہتمام ایس ایس گارڈن میں عازمین حج کے تربیتی پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ حجاج کرام جب حج کا ارادہ کرلیتے ہیں تو اہم باتوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مناسک حج پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے حج کی اقسام میقات پر احرام تلبیہ، احرام کی پابندیاں، طواف عمرہ طواف کا طریقہ سمجھایا۔ زیارت مکہ مکرمہ میں کن چیزوں کی احتیاط ضروری ہے بتایاجہاں آپ کا قیام ہو ، اس قیام گاہ کا نام ضرور لکھ کر اپنے پاس رکھیں۔ رمی جمرات قیام منٰی وغیرہ کی تمام تفصیلات سمجھائیں۔ پروگرام کا آغاز شاہ محی الدین قادری کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ مولانا کلیم الدین اسعدی نے عازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے عازمین حج کو کن کن باتوں کا خیال کرنا چاہئے، واقف کروایا۔ انہوں نے کہا کہ حج کی صحیح طریقہ سے ادائیگی نہ ہو تو بجائے ثواب کے نقصان ہی ہوتا ہے۔ حج کے سبھی ارکان کا صحیح طریقہ سے ادا ہونا ضروری ہے، ورنہ دَم دینا ہوگا۔ اس طریقہ سے ہر چھوٹی بڑی بات کا احاطہ کرتے ہوئے انہوں نے تفصیل سے سمجھایا۔ کریم نگر حج سوسائٹی صدر محمد ریاض علی رضوی نے عازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے امسال حج کمیٹی تلنگانہ اسٹیٹ کی فراہم کردہ سہولتوں، دیگر امور، شرائط  وغیرہ کی جانکاری دی۔ ڈاکٹر فوزیہ ، ڈاکٹر امتیاز و دیگر طبی عملہ نے عازمین حج کی ٹیکہ اندازی اور ڈراپس دیئے۔ اس موقع پر عارف احمد کارپوریٹر محمد عبدالصمد نواب، مولانا گیلانی وغیرہ موجود تھے۔ اس موقع پر اعظم جیولرس کے انتظامیہ کی جانب سے 66 عازمین حج کو سفری بیاگ دیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT