Sunday , June 24 2018
Home / شہر کی خبریں / منڈی میر عالم تا دارالشفاء سڑک پر پائپ لائن کی تبدیلی کا کام ادھورا

منڈی میر عالم تا دارالشفاء سڑک پر پائپ لائن کی تبدیلی کا کام ادھورا

مصروف ترین سڑک پر ٹریفک آمد و رفت میں رکاوٹ ، عوام کی پریشانیوں میں اضافہ

مصروف ترین سڑک پر ٹریفک آمد و رفت میں رکاوٹ ، عوام کی پریشانیوں میں اضافہ

حیدرآباد ۔ 21 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : پرانے شہر میں منڈی میر عالم ، دارالشفاء سڑک بس سرویس کا راستہ تبدیل کئے جانے کے بعد انتہائی مصروف ترین سڑکوں میں شمار ہونے لگی ہے لیکن اس سڑک سے برتی جانے والی بے اعتنائی سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس سڑک کے متعلق مختلف محکمہ جات اب بھی اسے مصروف سڑکوں میں شمار نہیں کرتے چونکہ منڈی میر عالم اور اعتبار چوک کے قریب تقریبا 4 ہفتوں سے پائپ لائن کی تبدیلی کا کام ادھورا چھوڑ دیا گیا ہے جس کے سبب اس مصروف ترین سڑک پر ٹریفک جام روز کا معمول بن چکا ہے ۔ دارالشفاء ، منڈی میر عالم ، اعتبار چوک سے بس روٹ کے آغاز کے بعد سے یہ سڑک انتہائی اہمیت کی حامل اور مصروف ہوچکی لیکن اس کے باوجود اس سڑک پر کئی ہفتوں تک تعمیری کاموں کو مفلوج رکھنا عوام کے لیے پریشانیوں کا باعث بن رہا ہے ۔ چند ماہ قبل پرانے شہر کی اہم سڑکوں پر ڈیوائیڈر کی تنصیب کا عمل شروع کیا گیا تھا اور منڈی میر عالم کی اس اہم سڑک پر بھی ڈیوائیڈر نصب کئے گئے لیکن مختلف مواقع پر ان ڈیوائیڈرس کو سڑک سے ہٹاتے ہوئے سڑک کے کنارے کیا گیا لیکن سڑک کے کئی مقامات پر اب بھی وہ ڈیوائیڈرس اسی حالت میں پڑے ہوئے ہیں جس سے دکانات کے مالکین کے علاوہ گاہکوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ اس اہم بس کی گزرگاہ پر سڑک کے ادھورے کام نہ صرف ٹریفک جام کا باعث بن رہے ہیں بلکہ منڈی میر عالم سے اعتبار چوک کے قریب تک دو مقامات پر رکاوٹیں کئی پریشانیوں کا باعث بن رہی ہیں ۔ علاقہ کے عوام نے بلدی حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان تعمیری کاموں کو جلد از جلد مکمل کرتے ہوئے سڑک پر ٹریفک کے بہاؤ میں آسانی پیدا کریں ۔

علاوہ ازیں ٹریفک پولیس اگر اس اہم سڑک پر دوبارہ ڈیوائیڈر نصب کرنے کا منصوبہ نہیں رکھتی ہے تو کم از کم سڑک کے کنارے رکھے گئے ڈیوائیڈرس کو وہاں سے منتقل کرے ۔ اعتبار چوک چوراہے پر ٹریفک کا شام کے وقت اژدھام بھی روز کے معمولات کا حصہ بننے لگا ہے چونکہ سڑک کی ہر جانب سے ٹریفک کے بے روک ٹوک بہاؤ کے سبب ٹریفک جام ہورہی ہے ۔ اس چوراہے پر عموما ٹریفک جوان خدمات پر معمور ہوتے ہیں لیکن ایک جوان یا اہلکار سے اس چوراہے پر ٹریفک کے بہاؤ میں آسانی پیدا کرنا انتہائی دشوار ہے ۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے اعتبار چوک چوراہے پر ٹریفک پولیس کی جانب سے سگنلس کی تنصیب عمل میں آئی تھی لیکن یہ سگنلس کچھ دن کام کرتے رہے لیکن اب یہ پوری طرح سے نہیں تو کم از کم جزوی طور پر ناکارہ تصور کئے جارہے ہیں چونکہ اس علاقہ کے سگنلس متعدد مرتبہ بند ہی نظر آتے ہیں ۔ شام کے وقت اس چوراہے پر ٹریفک کو معمول کے مطابق بنانے کے لیے ضروری ہے کہ اس اہم سڑک پر ادھورے چھوڑے گئے تعمیری کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے علاوہ چوراہے پر نصب کردہ ٹریفک سگنلس کو کارکرد بنایا جانا ناگزیر ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT