Tuesday , September 25 2018
Home / شہر کی خبریں / منڈی میر عالم میں محمد علی قتل کیس کا ایک ملزم گرفتار

منڈی میر عالم میں محمد علی قتل کیس کا ایک ملزم گرفتار

حیدرآباد /9 اپریل ( سیاست نیوز ) منڈی میرعالم میں پیش آئے محمد علی کے قتل کیس میں ملوث ایک اہم ملزم کو سنٹرل کرائم اسٹیشن ( سی سی ایس ) پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ 30 سالہ پولٹری فیڈ کے تاجر محمد علی کو 21 جنوری کی شب اس کی دکان کے قریب کرکٹ کے مسئلہ پر اس کا قتل کردیا تھا ۔ میر چوک پولیس نے اس سلسلے میں ایک قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے 11 افراد بشمول کلیدی ملزم داؤد خان کو گرفتار کیا تھا ۔ ایف آئی آر میں پولیس نے عمران خان کو خانگی فینانسر بتاتے ہوئے اسے ملزم قرار دیا تھا لیکن تحقیقات کے دوران عمران کا نام نکال دیا گیا تھا ۔ میر چوک پولیس نے یہ دعوی کیا تھا کہ عمران کے فون ریکارڈ سے یہ ثابت نہیں ہوتا ہے کہ وہ اس قتل میں ملوث ہے ۔ لیکن مقتول محمد علی کے افراد خاندان نے میرچوک پولیس پر سازباز کا الزام عائد کرتے ہوئے بتایا تھا کہ عمران خان مقامی جماعت کے ایک ایم ایل اے کا حامی ہے اور سیاسی اثر کے باعث اس کا نام ایف آئی آر سے نکال دیا گیا ۔

کمشنر پولیس حیدرآباد نے اس کیس کی تحقیقات کو سی سی ایس کے حوالے کیا تھا اور تقریباً ڈھائی مہینے کے بعد عمران خان کی گرفتاری عمل میں آئی ۔ اس سلسلے میں تفصیلات بتاتے ہوئے انسداد ڈکیتی و رہزنی ٹیم کے انسپکٹر مسٹر ایس چکرا پانی نے بتایا کہ 4 عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد عمران کو گرفتار کیا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT