Wednesday , November 22 2017
Home / شہر کی خبریں / منیٰ بھگڈر میں تلنگانہ کی ایک اور خاتون حاجی کا انتقال

منیٰ بھگڈر میں تلنگانہ کی ایک اور خاتون حاجی کا انتقال

سعودی حکومت کی فہرست میں شامل کرنے تلنگانہ حج کمیٹی کا مکتوب
حیدرآباد ۔ 30 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) منیٰ میں گزشتہ ہفتہ پیش آئے بھگدڑ کے سانحہ میں ایک اور ہندوستانی خاتون حاجی کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ کونسل جنرل جدہ کی جانب سے سنٹرل حج کمیٹی کو فراہم کردہ اطلاع کے مطابق اس سانحہ میں جاں بحق ہونے والے ہندوستانی حجاج کرام کی تعداد 46 ہوچکی ہے۔ محترمہ نکہت کوثر جو مقامی اقامہ ہولڈر ہیں، بتایاجاتا ہے کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ حج کے لئے روانہ ہوئی تھیں اور اس سانحہ میں ان کے انتقال کی توثیق ہوچکی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سعودی حکام نے جاں بحق ہونے والے افراد کی جو تصاویر جاری کی تھی، اس کے اعتبار سے ان کی شناخت کی جاسکی۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کو سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے جاں بحق ہونے والے ہندوستانی حجاج کرام کی روانہ کردہ فہرست میں نکہت کوثر کا نام شامل کیا گیا اور ان کا تعلق تلنگانہ سے بتایا گیا ہے ۔ اس طرح اس سانحہ میں جاں بحق ہونے والے تلنگانہ کے حجاج کرام کی تعداد 3 ہوچکی ہے۔ تاہم ابھی تک سعودی حکام نے صرف ایک حاجی کے نام کو جاں بحق افراد کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ اس سے قبل ایل بی نگر سے تعلق رکھنے والی محترمہ بی بی جان اور غازی ملت کالونی چندرائن گٹہ کی محترمہ صباحت تسنیم بھگدڑ میں جاں بحق ہوئے تھے لیکن ابھی تک ان کے نام جاں بحق افراد کی فہرست میں شامل نہیں کئے گئے۔

تلنگانہ حج کمیٹی نے ان دونوں کی تفصیلات کونسل جنرل جدہ کو روانہ کی ہیں تاکہ جاں بحق افراد کی فہرست میں شامل کیا جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ سعودی حکام ان دونوں ناموں کی شمولیت کا جائزہ لے رہے ہیں اور ضروری امور کی تکمیل کے بعد نئی فہرست جاری کی جائے گی۔ بی بی جان کی تدفین مکہ مکرمہ میں عمل میں آچکی ہے جبکہ صباحت تسنیم کی تدفین ابھی باقی ہے۔ اسی دوران محترمہ بی بی جان کے شوہر اور دیگر دو رشتہ داروں کی مکہ مکرمہ سے حیدرآباد واپسی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے۔ ان تینوں نے مقررہ وقت سے قبل واپسی کا ارادہ ظاہر کیا تھا جس پر اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے کونسل جنرل جدہ سے انتظامات کی سفارش کی تھی۔ یہ تینوں اپنے خرچ پر حیدرآباد واپس ہوں گے ۔ بتایا جاتاہے کہ کل جمعرات کو رات دیر گئے ایر انڈیا کی ریگولر فلائیٹ سے وہ حیدرآباد کے لئے روانہ ہوں گے اور جمعہ کی صبح حیدرآباد پہنچیں گے۔ اسی دوران قلب پر حملہ کے باعث انتقال کرنے والی ناگر کرنول ضلع محبوب نگر کی خاتون حاجی حبیب بیگم کی آج صبح مکہ مکرمہ میں تدفین عمل میں آئی۔ ان کا منگل کے دن انتقال ہوا تھا ۔ وہ تلنگانہ حج کمیٹی کے ذریعہ روانہ ہوئی تھیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حج کمیٹی کے ذریعہ روانہ ہونے والے تمام حجاج کرام خیریت سے ہیں اور خادم الحجاج کو عازمین حج کی بہتر خدمت کیلئے وقتاً فوقتاً ہدایات جاری کی جارہی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT