Sunday , December 17 2017
Home / سیاسیات / منی پور میں بی جے پی حکومت نے اعتماد کا ووٹ جیت لیا

منی پور میں بی جے پی حکومت نے اعتماد کا ووٹ جیت لیا

امپھال 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی زیرقیادت حکومت نے آج منی پور اسمبلی میں عددی طاقت کی ایوان میں آزمائش ندائی ووٹ کے ذریعہ جیت لی۔ اس عمل میں مخالفت میں کوئی ووٹ نہیں ڈالے گئے جبکہ واحد ٹی ایم سی رکن نے بھی این برین سنگھ حکومت کی حمایت کردی۔ 60 رکنی ایوان میں بی جے پی کے 21 ایم ایل ایز ہیں، اِسے ناگا پیپلز فرنٹ کے 4 ارکان، نیشنل پیپلز پارٹی کے 4 ارکان، لوک جن شکتی پارٹی کے واحد ایم ایل اے اور آزاد رکن اسدالدین کی تائید حاصل ہوئی۔ اس کے علاوہ ایک کانگریس لیجسلیچر نے بھی تائید کی جنھیں مجلس وزراء میں بھی شامل کیا گیا۔ واحد ترنمول کانگریس ایم ایل اے ٹی رابندرو سنگھ نے بھی بی جے پی زیرقیادت حکومت کی تائید کی حالانکہ اُن کی پارٹی کی مرکزی قیادت نے الزام عائد کیا ہے کہ اُنھوں نے اِس معاملہ میں پارٹی سے مشاورت نہیں کی۔ قبل ازیں بی جے پی لیڈر کھیم چند کو منی پور اسمبلی کے نئے اسپیکرکی حیثیت سے منتخب کیا گیا۔کھیم چند (54 سال) مشہور تائکونڈو ماہر ہیں اور وہ پہلی رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر برین سنگھ نے کہا کہ کھیم چند متوازن شخصیت والے انسان ہیں۔ ان سے امید ہے کہ وہ منصفانہ طریقے سے کام کریں گے اور جمہوری اقدار کو برقرار رکھیں گے ۔
منی پور میں معاشی ناکہ بندی ختم
دریں اثناء منی پور میں یونائیٹڈ ناگا کونسل ( یو این سی) کی جانب سے گزشتہ ساڑھے چار ماہ سے جاری معاشی ناکہ بندی کو گزشتہ نصف شب سے ختم کردیا گیا ہے ۔ناکہ بندی ختم ہونے کے بعد قومی شاہراہ پر بڑی تعداد میں ضروری اشیاء سے لدی گاڑیوں کو امپھال کی طرف روانہ کیا گیا۔ اس درمیان گورنر نجمہ ہپت اللہ نے حکومت کی جانب سے ناکہ بندی کو ختم کرنے کی ستائش کی ہے ۔ چیف منسٹر برین سنگھ نے کہا کہ انہوں نے حلف لینے کے 24 گھنٹے کے اندر اقتصادی ناکہ بندی ہٹانے سے متعلق اپنے وعدے کو پورا کیا ہے ۔ اس سلسلے میں کل ضلع سناپتی میں ایک معاہدے پر دستخط کئے گئے تھے ۔معاہدے کے مطابق گذشتہ 25 نومبر کو گرفتار کئے گئے یو این سی کے لیڈر گیدون کومائی اور اسٹیفن لیمکانگ کو غیر مشروط رہا کیا جائے گا۔مرکزی وزارت داخلہ کے جوائنٹ سکریٹری کی صدارت میں ضلع سیناپتی میں مرکزی حکومت، منی پور حکومت اور یو این سی کے درمیان سہ فریقی بات چیت کے بعد یہ معاہدہ طے کیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT