Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / مواضعات اور دیہی سڑکوں کو ایکدوسرے سے مربوط کرنے حکومت کی منصوبہ بندی

مواضعات اور دیہی سڑکوں کو ایکدوسرے سے مربوط کرنے حکومت کی منصوبہ بندی

آئندہ اسمبلی اجلاس میں بل پیش کرنے کی تیاری ، محکمہ عمارات و شوارع کی حکمت عملی
حیدرآباد۔20اکٹوبر(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے ریاست میں موجود مواضعات اور دیہی علاقوں کو سڑکوں سے مربوط کرنے کے منصوبہ کے تحت محکمہ عمارات و شوارع کی جانب سے حکمت عملی تیار کی جا چکی ہے اور اس منصوبہ کو روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ذریعہ قابل عمل بنایا جائے گا۔ ریاست کے تمام 31اضلاع کو ایک دوسرے سے مربوط کرنے کیلئے تیار کئے گئے وسیع منصوبہ کو عملی بنانے کے سلسلہ میں آئندہ اسمبلی اجلاس کے دوران بل پیش کیا جائے گا۔ تلنگانہ روڈلہ ابھیرودہی کاریہ کرم کے تحت تیار کئے گئے اس منصوبہ میں 5107کیلو میٹر طویل سڑکوں کی تعمیر کا منصوبہ تیا رکیا گیا ہے اور اس منصوبہ کے مطابق 3963 کیلو میٹر نئی سڑکیں تعمیر کی جائیں گی جو کہ ریاست کے 425منڈلوں‘ 164صنعتی پارکس ‘ 87 سیاحتی مراکز اور 91زرعی بازاروں سے ان نئی سڑکوں کے ذریعہ ایک دوسرے سے مربوط کیا جائے گا۔ ریاستی و زیر عمارات و شوارع مسٹر ٹی ناگیشور راؤ نے اس سلسلہ میں اپنے محکمہ کے عہدیداروں سے مشاورت کے دوران انہیں ہدایت جاری کی کہ وہ اس مکمل منصوبہ کا بل تیا رکریں تاکہ آئندہ اسمبلی اجلاس میں اسے پیش کیا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں نئی سڑکوں کی تعمیر عوامی خانگی شراکت داری کے ذریعہ کی جائے گی اور ان سڑکوں کی تعمیر کے بعد ریاست کے تمام 31اضلاع کی مجموعی ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ محکمہ عمارات و شوارع کے منصوبہ کے مطابق شہر حیدرآباد کے اطراف مزید دو رنگ روڈ کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی اور اس کے علاوہ ریاست میں مزید دو رنگ روڈ کی تعمیر کا منصوبہ تیار کیا جا رہاہے۔ محکمہ کی جانب سے تیار کردہ اس منصوبہ کو چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے مشاورت کے بعد ہی قطعیت دی جائے گی اور اس منصوبہ کو روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ذریعہ ہی قابل عمل بنایا جائے گا۔ ریاست کی سڑکوں کی مجموعی ترقی کیلئے حکومت کی جانب سے تیار کردہ منصوبہ TRAK کو ریاست کی سماجی و مالیاتی ترقی کو نظر میں رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے اور اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے سے ریاست تلنگانہ کے پڑوسی ریاستوں آندھرا پردیش ‘ کرناٹک اور مہاراشٹر سے بھی سڑکیں مربوط ہوں گی اور معیاری سڑکوں کی تعمیر کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ ریاستی حکومت نے اس پراجکٹ کیلئے اسٹیٹ روڈ فنڈس سے مالیہ کی اجرائی کے متعلق غور کرنا شروع کردیا ہے اور اس کے علاوہ خانگی شراکت داری کا منصوبہ بھی ترقیاتی کاموں کی رفتار کو تیز کرسکتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT