Tuesday , December 11 2018

مواضعات کی ترقی میں عوام کو حصہ دار بنانا جنم بھومی کا اہم مقصد : چندرابابو نائیڈو

بہتر کارکردگی پر انعامات کا اعلان
چیف منسٹر اے پی کی وزراء کیساتھ شرکت و مخاطبت
حیدرآباد۔7جنوری ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ مواضعات کی ترقی میں عوام کو حصہ دار بنانا اور عوام کو شامل کرنا ہی جنم بھومی پروگرام کا اہم مقصد ہے ۔ انہوں نے وزراء ‘ مسرس نارائینا ( بلدی نظم و نسق) ‘ ایس چندرا موہن ریڈی (زراعت) کے ہمراہ جنم بھومی پروگرام میںحصہ لیتے ہوئے مختلف شعبہ جات میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو ایوارڈس دینے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے تعلیم کی اہمیت پر کہا کہ خواہ کتنی ہی دولت ہو تعلیم نہ رہنے پر کوئی فائدہ نہیں ۔ مدارس میں تعلیم کے ساتھ ساتھ دیگر سرگرمیوں پر چندرا بابو نے کہا کہ طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کود ‘ تہذیبی پروگراموں میں حصہ لینے پر توجہ دینی چاہیئے اور حکومت بھی اس طرح کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ طلبہ کی ہمت افزائی کرنے کے اقدامات کرے گی ۔ علاوہ ازیں حکومت مواضعات میں تمام تر بنیادی سہولتیںفراہم کرنے کے اقدامات کررہی ہے اور حکومت سے تمام مدارس میں بیت الخلاؤں کی تعمیر پر اولین ترجیح دے رہی ہے ۔ چیف منسٹر نے عوام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مواضعات کو صاف ستھرا بنائے رکھے اور مثالی مواضعات بنانے پر اپنی توجہ مرکوز کریں ۔ سڑکوں کے بازو کچرا ڈالنے سے زیرزمین آبی وسائل آلودہ ہورہے ہیں ۔ نائیڈو نے کہا کہ کچرے سے بھی فائدہ حاصل کرنے کیلئے اقدامات کا آغاز کیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ بلدی علاقوں میں عوام کو بہتر صاف صفائی کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ چیف منسٹر نے گذشتہ ہفتہ راجمندری وغیرہ میں مساجد میں پیش آئے واقعات کا تذکرہ کئے بغیر ریاست میں امن و ضبط کی صورتحال کو بگاڑنے کی بھی کوشش کے خلاف سخت انتباہ دیا اور کہا کہ پُرامن حالات و صورتحال کو بگڑنے سے روکنے کیلئے حکومت موثر اقدامات کرے گی ۔ علاوہ ازیں بالخصوص لڑکیوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے اور انہیں ہراساں کرنے کی کسی بھی کوشش پر خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ دیہی سطح پر بھی کھیلوں کے مقابلوں کا دوبارہ آغاز کیا جائے گا ۔

TOPPOPULARRECENT