Friday , September 21 2018
Home / عرب دنیا / موبائیل پر اونچی آواز میں بات کرنے پر ساتھی کا قتل

موبائیل پر اونچی آواز میں بات کرنے پر ساتھی کا قتل

دبئی 11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) دبئی کی ایک عدالت میں ایک ہندوستانی کے خلاف قتل کا مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔ جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس شخص نے اپنے کمرہ میں رہنے والے ایک ساتھی کو مبینہ طور پر محض اس لئے ہلاک کردیا تھا کہ وہ اونچی آواز میں فون پر بات چیت کررہا تھا۔ خلیج ٹائمز میں شائع شدہ ایک خبر کے مطابق 37 سالہ تعمیراتی مزدور پر دبئی کی مقامی عدالت میں اپنے ایک ساتھی کے قتل اور لائسنس کے بغیر شراب نوشی کے الزامات کے تحت مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔ اس واقعہ کے ایک گواہ نے کہاکہ اس ہندوستانی ورکر نے القصیص میں 30 مارچ کو اپنے ساتھی کو اس کے لئے منعقدہ وداعی تقریب میں چاقو گھونپ کر ہلاک کردیا تھا۔ مہلوک جس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے، اپنے وطن واپس ہورہا تھا۔ اس موقع پر کمرہ میں رہنے والے ساتھیوں نے وداعی پارٹی رکھی تھی۔ اس دوران ملزم کا مہلوک کے ساتھ محض اس بات پر جھگڑا ہوگیا کہ موخرالذکر اپنے موبائیل پر کسی سے اونچی آواز میں بات کررہا تھا۔ بحث و تکرار کے دوران ملزم نے بستر کے نیچے رکھا ہوا چاقو نکال کر ساتھی کے پیٹ میں گھونپ دیا تھا۔ بعدازاں چاقو نکال کر باہر بھاگ گیا تھا‘‘۔ عمارت کے سی سی ٹی وی فٹیج میں ملزم کو ایک ریسٹ روم میں داخل ہوتے وقت چاقو کو اپنے کپڑوں میں چھپاتے ہوئے اور پھر چاقو کے بغیر کمرہ سے باہر نکلتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ فارنسک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گہرے ضربات اور کافی خون بہہ جانے کے سبب موتی ہوئی ہے۔ اس مقدمہ کی سماعت 7 اکٹوبر تک ملتوی کردی گئی۔

TOPPOPULARRECENT