Saturday , November 25 2017
Home / اضلاع کی خبریں / موجودہ حالات میں مسلمانوں کو متحد ہونا ناگزیر

موجودہ حالات میں مسلمانوں کو متحد ہونا ناگزیر

جگتیال میں جلسہ عام سے مفتی شیخ عبدالسبحان اور دیگر کا خطاب
جگتیال۔/9مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جگتیال میں پاپلر فرنٹ آف انڈیا جگتیال کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ عام دہشت کی سیاست کے خلاف متحد ہونے میں مہمان خصوصی صدر پاپلر فرنٹ آف انڈیا مفتی شیخ عبدالسبحان قاسمی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار دہشت پر مبنی سیاست پر گامزن ہے اور مسلم خواتین کی ہمدردی اور فکر کی باتیں کررہی ہے۔ مسلمانوں کے شرعی قوانین میں بے جا مداخلت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور مسلمانوں کے خلاف دہشت کی سیاست کی جارہی ہے جس کے خلاف پاپلر فرنٹ آف انڈیا ملک کی سطح پر جدوجہد کا آغاز کررہی ہے اور جلسوں کا ملک کی سطح پر انعقاد عمل میں لایاگیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو غیر ضروری ، غیر قانونی طور پر مقدمات میں گھسیٹا جارہا ہے اور مسلمانوں کا جمہوری اور دستوری حق چھینا جارہا ہے، یہاں کے قانون نے تمام مذاہب کو ان کے مذہب پر عمل کرنے اور تبلیغ کرنے کی مکمل آزادی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی اور دیگر سیکولر پارٹیوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے فرقہ پرست جماعت کو بڑھاوا ملا ہے اور کانگریس پارٹی کے دور میں مسلمانوں کے خلاف پوٹا اور دیگر قانون نافذ کئے گئے تھے۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات کی فراہمی کیلئے اقدامات کی ستائش کی اور اس کو پورے ملک میں عمل آوری کیلئے جدوجہد کرنے پر زور دیا۔ رکن اسمبلی ٹی جیون ریڈی نے کہا کہ فرقہ پرست جماعت اور فسطائی طاقتیں ملک کے جمہوری نظام کو بگاڑ رہی ہیں۔ آج تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کیلئے پاپلر فرنٹ کی کوششوں کی ستائش کی انہوں نے بی جے پی حکومت پر سخت تنقید کی۔ اس موقع پر جناب عود شریف بنگلوراور خواجہ لیاقت علی، محسن، سراج الدین منصور، محمد شفیع صدر جگتیال پاپلر فرنٹ، شیخ ساجد ریاستی پاپلر فرنٹ خازن، محمد ریاض الدین ماما صدر ملت اسلامیہ ، اصغر محمد خان، گری ناگہ بھوشنم سابق بلدیہ چیرمین نے شرکت کی۔ شیخ ساجد کے شکریہ پر جلسہ کا اختتام ہوا۔

TOPPOPULARRECENT