Tuesday , December 11 2018

’مودی ، اپوزیشن لیڈر نہیں وزیراعظم ہیں‘

جلسوں میں الزام لگائیں اورپارلیمنٹ میں سوال کا جواب دیں: راہول گاندھی

نئی دہلی ۔ 7 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے آج کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو پارلیمنٹ میں محض الزامات عائد کرنے کے بجائے رفالے معاملت، کسانوں اور روزگار جیسے مسائل پر ان سے پوچھے گئے سوالات کا ملک کو جواب دینا چاہئے۔ صدارتی خطبہ پر لوک سبھا میں تحریک تشکر پر وزیراعظم کی طرف سے دیئے گئے جواب کے بعد راہول گاندھی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شاید وہ بھول گئے ہیں کہ وہ (مودی) کوئی اپوزیشن لیڈر نہیں بلکہ وزیراعظم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’وزیراعظم سے ملک سوالات کررہا ہے لیکن وہ یہاں (پارلیمنٹ میں) جواب نہیں دے رہے ہیں۔ آپ (مودی) کو یہاں ملک سے سوالات نہیں کرنا چاہئے بلکہ آپ سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دینا چاہئے‘‘۔ راہول گاندھی کے مطابق وزیراعظم کسی جلسہ عام میں کانگریس پارٹی کے خلاف کہہ سکتے ہیں، لیکن پارلیمنٹ میں نہیں جہاں انہیں ملک کی طرف سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دینے کی ضرورت ہے۔ راہول گاندھی نے مزید کہا کہ ’’وہ (مودی) کانگریس کے بارے میں بات کرسکتے ہیں لیکن اس مسئلہ کو اٹھانے کیلئے یہ مقام موزوں نہیں ہے۔ کسی عام جلسہ میں آپ یہ مسئلہ اٹھاسکتے ہیں۔ کانگریس کے صدر نے مزید کہا کہ ’’یہاں (پارلیمنٹ میں) آپ کو سارے ملک کو جواب دینا ہوگا۔ آپ یہاں الزامات نہیں لگاسکتے…‘‘۔

TOPPOPULARRECENT