Saturday , February 24 2018
Home / Top Stories / مودی اور نیتن یاہو کا گجرات میں عظیم الشان روڈ شو

مودی اور نیتن یاہو کا گجرات میں عظیم الشان روڈ شو

نیتن اور سارا یاہو کا سابرمتی آشرم دورہ ، گاندھی جی انسانیت کے عظیم علمبردار، سیاحوں کی کتاب میں تحریر
احمدآباد ۔ 17جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی اور وزیراعظم اسرائیل بنجیمن نتین یاہو نے آج شہر میں زبردست حفاظتی انتظامات کے دوران اپنا عظیم الشان روڈ شو منعقد کیا ۔ہزاروں افراد اُن کی رہگذر پر اُن کااستقبال کرنے کے لئے جمع تھے ۔ مودی کی آبائی ریاست پہونچنے کے بعد دونوں قائدین نیتن یاہو کی شریک زندگی سارا نیتن یاہو کے ساتھ ایک کار میں سردار ولبھ بھائی پٹیل ایرپورٹ سے احمدآباد پہونچے ۔ تقریباً 50شہ نشین روڈ شو کے لئے اُس رہگذر پر قائم کئے گئے تھے جہاں مختلف ریاستوں کے عوام مہمانوں کے استقبال کے لئے کھڑے ہوئے تھے ۔ وہ ہندوستانی اور اسرائیلی پرچم تھامے ہوئے سڑک کی دونوں جانب کثیرتعداد میں زرق برق لباسوں میں سجی ہوئی سڑک پر کھڑے ہوئے تھے ۔ مودی اور نیتن یاہو نے عوام کی طرف ہاتھ ہلاکر اُن کے استقبال کا جواب دیا ۔ عوام نے خوشی کے نعرے لگائے ۔ روڈ شو کا اختتام مہاتما گاندھی کے سابرمتی آشرم پر ہوا ۔اس کے لئے اُنھوں نے آٹھ کیلومیٹر طویل راستہ طئے کیا ۔ آشرم میں گاندھی جی کی قیامگاہ ہردے کُنج بھی ہے ۔

نریندر مودی نے اسرائیلی جوڑے کو گاندھی جی کا کمرہ اور اُن کے استعمال کی اشیاء بتائیں۔ نیتن یاہو اور اُن کی بیوی نے گاندھی جی کا چرخہ چلایا ۔ چرخہ جدوجہد آزادی کے دوران ہندوستان کی خودانحصاری کی علامت بن گیا تھا ۔ مودی نے وزیراعظم اسرائیل اور اُن کی شریک حیات کو پتنگیں بھی دکھائیں کیونکہ چند ہی دن قبل اُترایانہ کا آغاز ہوا تھا جو گجرات کا ایک مقبول تہوار ہے ۔ نیتن یاہو اور اُن کی بیوی نے آشرم میں چند منٹ تک پتنگ اُڑانے کا تجربہ حاصل کیا ۔ وزیراعظم نیتن یاہو تیسری بین الاقوامی شخصیت ہیں جن کی میزبانی مودی نے اپنی آبائی ریاست گجرات میں کی ہے ۔ مودی اور وزیراعظم جاپان شینزو ابے قبل ازیں ایک کھلی جیپ میں وزیراعظم جاپان کے دورۂ ہند کے موقع پر ایک مشترکہ روڈ شو گزشتہ سال ستمبر میں منعقد کرچکے ہیں۔ وزیراعظم ہند نے ابے اور اُن کی بیوی کو سابرمتی آشرم کا دروہ بھی کروایا تھا اور اُس جگہ کا تعارف کرایا تھا جہاں گاندھی جی نے اپنی زندگی کا بیشتر وقت گذارا ہے ۔ اُنھوں نے دریائے سابرمتی کے کنارے بھی کچھ وقت گذارا ۔ نریندر مودی کی گجرات میں بحیثیت چیف منسٹر میعاد کے دوران اس دریا کو ترقی دی گئی تھی ۔ مودی صدر چین ژی جن پنگ اور اُن کی شریک حیات کے ساتھ دریائے سابرمتی کے کنارے آچکے ہیںجبکہ صدر چین نے 2014 ء میں ہندوستان کادورہ کیا تھا ۔ وزیراعظم اسرائیل گجرات سے ممبئی کے دورے پر جائیں گے جہاں وہ ’’نمستے شیلونگ‘‘ رسالے کی تقریب افتتاح میں شرکت کریں گے ۔ علاوہ ازیں اُن کی ملاقات ممبئی کے دورہ کے موقع پر مہاراشٹرا کی اعلیٰ سطحی قیادت کے ساتھ بھی مقرر ہے ۔ نیتن یاہو صنعتِ فلمسازی کی منتخبہ شخصیتوں کے ساتھ بشمول آنند مہندرا ، اجئے پیرامل ، آدی گودریج اور چندا کوچر کے ساتھ ناشتہ کریں گے ۔ بعد ازاں وہ ایک بزنس چوٹی کانفرنس سے جنوبی ممبئی کے افسانوی تاج محل ہوٹل میں خطاب کریں گے ۔ فرنویس اور نیتن یاہو کی دوبدو ملاقات بھی لنچ پر ہوگی ۔ چیف منسٹر وزیراعظم اسرائیل کے اعزاز میں ظہرانہ ترتیب دے رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT