Saturday , December 15 2018

مودی اہم مسائل سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں :کانگریس

’’وزیراعظم نے ہندوستانی نژاد افراد کے روبرو پورا سچ نہیں کہا ‘‘

نئی دہلی،9جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی پر ملک کے اصل مسائل کو نظرانداز کرنے اور لوگوں کو ادھورا سچ بتانے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ وہ اپنے ساتھ ساتھ غیر مقیم ہندوستانیوں کو بھی ملک کی بنیادی پریشانیوں سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔کانگریس کے سینئر ترجمان راج ببر نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ مودی نے پرواسی دیوس پر آج یہاں 24ملکوں سے آئے 134 ہندوستانی نژاد اراکین پارلیمنٹ اور میئروں کے پہلے غیر مقیم پارلیمنٹیرنس کانفرنس کی افتتاحی تقریر میں دعویٰ کیا ہے کہ تین سال میں ملک میں اب تک کی سب سے زیادہ سرمایہ کاری ہوئی ہے ۔ان کا یہ دعویٰ ادھورا سچ ہے ۔بہتر ہوتا کہ ان ہندوستانی نژاد کے ان لوگوں کے درمیان مودی یہ بھی بتاتے کہ 2017کے دوران ملک میں 13سال میں سب سے کم سرمایہ کاری ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں مودی نے ترقی کے سلسلے میں ہندوستانی نژاد لوگوں کے سامنے پورا سچ نہیں کہا۔انہیں یہ بھی بتانا چاہئے تھا کہ 2014 میں ملک میں 16.2ٹریلین ڈالرکی سرمایہ کاری ہوئی تھی جو 2016میں گھٹ کر محض 7.9ٹریلین ڈالر رہ گئی۔مودی حکومت نے ہر سال دو کروڑ لوگوں کو روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن بی جے پی کی حکومت میں ڈیڑھ کروڑ لوگ بے روزگار ہوئے ہیں۔ اترپردیش کانگریس کے صدر نے کہا کہ ایک طرف مودی ہندوستانی نژاد لوگو ں کے درمیان انتخابی جلسوں کی طرح تقریرکر رہے ہیں اور دوسری طرف کانگریس صدر راہول گاندھی ملک سے جڑے لوگوں کے درمیان ملک کے اصلی مسائل کے سلسلے میں تشویش ظاہر کررہے ہیں۔بحرین میں راہول کے چین کی تعریف کرنے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ کانگریس صدر نے مودی کو یہ احساس کرانے کی کوشش کی کہ روزگار کی سطح پر ہم کچھ نہیں کر پارہے ہیں جبکہ چین بڑی سطح پر لوگوں کو روزگار دے رہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT