Thursday , February 22 2018
Home / Top Stories / مودی جھوٹ بول رہے ہیں

مودی جھوٹ بول رہے ہیں

بی جے پی نے عوام کو دھوکہ دیا :کانگریس
٭ کرناٹک میں کانگریس حکومت کی الٹی گنتی شروع:مودی
٭ بنگلور کے پیالس گراؤنڈ پر جلسہ عام سے وزیراعظم کا خطاب
بنگلورو ۔ /4 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے کرناٹک میں انتخابی بگل بجاتے ہوئے حکمراں کانگریس کو نشانہ بنایا اور کہا کہ ریاست سے کانگریس حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے ۔ کانگریس سے پاک ہندوستان کے بی جے پی نعرے کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے مودی نے کہا کہ کانگریس بالکل باہر کے دروازے پر کھڑی ہوئی ہے اور کرناٹک بھی کانگریس کلچر سے بہت جلد پاک ہوجائے گا ۔ وزیراعظم نریندر مودی یہاں پیالس گراؤنڈ پر جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے جو بی جے پی کی 90 روزہ ریالی کا سب سے اہم جلسہ تھا ۔مودی نے نئے کرناٹک کی تعمیر کا سفر شروع کرنے پر زور دیتے ہوئے بی جے پی ورکرس سے کہا کہ وہ سدارامیا حکومت کو بے دخل کرنے کیلئے عوام کے درمیان پہونچ جائیں ۔ مودی کی انتخابی ریالیوں کا جواب دیتے ہوئے حکمراں کانگریس نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ ریاست کے عوام کو اپنے جھوٹ کے سہارے دھوکہ دے رہی ہے ۔ کانگریس نے وزیراعظم سے سوال کیا کہ آخر وہ مہادیوی ندی تنازعہ پر خاموش کیوں ہیں ۔ کانگریس نے کہا کہ مودی جھوٹ بول رہے ہیں اور ان کی پارٹی مسلسل عوام کو دھوکہ دے رہی ہے ۔ کرناٹک کانگریس کی جانب سے ٹوئٹر پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی نے کرناٹک کے عوام کو دھوکہ دیا ہے ۔ کرناٹک میں لااینڈ آرڈر کی ابتر سے متعلق مودی کے دعوے کو للکارتے ہوئے کہا کہ کرناٹک میں کانگریس نے امن و امان کی برقراری کو یقینی بنایا ہے ۔ جبکہ بی جے پی حکمرانی والی ریاستوں میں جرائم کی شرح سب سے زیادہ ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے 224 رکنی کرناٹک اسمبلی کیلئے انتخابی مہم شروع کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت میں لا اینڈ آرڈر مسئلہ ابتر ہوگیا ہے ۔ یہاں پر مجرموں کا راج ہے ۔ بی جے پی نے اس ریاست میں 150 نشستیں حاصل کرنا کا نشانہ مقرر کیا ہے ۔ انہوں نے ریاست میں زعفرانی لہر چلانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ اب کرناٹک کو کانگریس سے مکت کردیں گے ۔ سدارامیا حکومت کو کمیشن ایجنٹ قرار دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ اس حکومت نے بدعنوانی میں نئے ریکارڈس قائم کئے ہیں ۔
TOPPOPULARRECENT