Sunday , December 17 2017
Home / سیاسیات / مودی حکومت میں ملک میں خوف کا ماحول

مودی حکومت میں ملک میں خوف کا ماحول

قومی و داخلی سلامتی کی صورتحال ابتر ۔ پون کمار بنسل کا بیان
سرینگر 12 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) مودی حکومت کے تین سالہ اقتدار میں ملک کی قومی اور داخلی سلامتی کی صورتحال 20 سال قبل کی صورتحال سے بھی ابتر ہوگئی ہے ۔ سینئر کانگریس لیڈر پون بنسل نے یہ الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں خوف کا ماحول پیدا کیا گیا ہے جو جمہوریت کیلئے سنگین خطرہ ہے ۔ انہو ںنے ملک میں غنڈہ گردی اور مار پیٹ کے واقعات میں اضافہ پر بھی تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سکیوریٹی کی صورتحال انتہائی ابتر ہے ۔ ہماری داخلی سلامتی اور قومی سلامتی 20 سال قبل کی صورتحال سے بھی زیادہ ابتر ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی چیف منسٹرس اور سینئر قائدین ایسے بیانات دے رہے ہیں جن پر گاؤ دہشت گرد حکومت کا انتظار کئے بغیر عمل آوری کر رہے ہیں۔ یہ سب کچھ ایسے واقعات ہیں جن سے ملک میں خوف کا ماحول پیدا ہو رہا ہے ۔ یہ جمہوری ڈھانچہ کیلئے اور ہر شہری کی آزادی کیلئے خطرہ ہے ۔ سابق وزیر ریلوے ‘ مرکزی حکومت کے تین سال کی تکمیل پر نامہ گاروں سے بات چیت کر رہے تھے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی جموں و کشمیر میں شخصی اور پارٹی مفادات سے آگے نہیں بڑھ سکی ہے جس کی وجہ سے ریاست تصادم کی صورتحال کا شکار ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں سیاسی خلا پیدا ہوگیا ہے اور اس صورتحال کو حل کرنے کا ریاستی اور مرکزی حکومت کے پاس کوئی ویژن نظر نہیں آتا ۔ ریاست میں فی الحال بے چینی اور نراج کی کیفیت ہے اور حالات کو قابو میں کرنے کیلئے کسی کے پاس نہ کوئی منصوبہ ہے اور نہ کوئی پروگرام ہے ۔

TOPPOPULARRECENT