Thursday , November 23 2017
Home / سیاسیات / مودی حکومت نے غیر مقیم ہندوستانیوں کو بھی با اختیار بنایا

مودی حکومت نے غیر مقیم ہندوستانیوں کو بھی با اختیار بنایا

سب کا ساتھ سب کا وکاس نعرہ کو پورا کیا گیا ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج کا تقریب سے خطاب
نئی دہلی 12 جون ( سیاست ڈاٹ کام )مرکزی وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے سب کا ساتھ سب کا وکاس نعرہ کو پورا کیا ہے اور انہوں نے نہ صرف ہندوستان میں ہندوستانیوں کو با اختیار بنایا ہے بلکہ جو ہندوستانی بیرون ملک رہتے ہیں ان کا وقار بھی بحال کیا ہے ۔ نریندر مودی حکومت کے تین سال کی تکمیل اور سب کا ساتھ سب کا وکاس نعرہ سے متعلق ایک تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے سشما سوراج نے کہا کہ سماج کے تمام طبقات بشمول خواتین ‘ نوجوانوں اور غریبوں کو با اختیار بنانا ہی حکومت کی تقریبا تمام اسکیمات اور پروگراموں کا مقصد ہے ۔ سشما سوراج نے کہا کہ وزیر اعظم بننے کے بعد پارلیمنٹ میں تقریر کرتے ہوئے نریندر مودی نے پہلے خطاب میں اعلان کیا تھا کہ ان کی حکومت کمزور اور غریب عوام کیلئے ہے ۔ انہوں نے اس وعدہ کو پورا کیا ہے اور عوام کو اپنی اسکیمات کے ذریعہ مراعات یا سبسڈی دینے کی بجائے انہیں با اختیار بنایا ہے ۔ یہ تقریب دہلی بی جے پی کی جانب سے منعقد ہوئی تھی ۔ اس میں مختلف سرکاری اسکیمات جیسے مدرا ‘ کوشل وکاس یوجنا ‘ جن دھن یوجنا ‘ پردھان منتری سرکشا بیما یوجنا کے استفادہ کنندگان نے بھی شرکت کی ۔ سشما سوراج نے کہا کہ نریندر مودی حکومت نے دوسرے ممالک میں رہنے والے ہندوستانیوں کو بھی با اختیار بنایا ہے اور اب وہ لوگ یہ ماننے لگے ہیں کہ جب کبھی انہیں دیار غیر میں مشکلات کا سامنا ہوگا یا مدد درکار ہوگی یہ حکومت آگے آئیگی ۔ انہو ںنے بتایا کہ گذشتہ تین سال کے دوران حکومت نے دنیا بھر میں پریشان کن حالات میں پھنسے ہوئے 1.25 لاکھ ہندوستانیوں کا تخلیہ کروایا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان میں سے 80,000 افراد کے تخلیہ کا خرچ حکومت نے ادا کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یمن میں جب حالات خراب ہوئے صرف ہندوستان وہ واحد ملک تھا جس نے اپنے شہریوں کا تخلیہ کروایا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT