Thursday , September 20 2018
Home / شہر کی خبریں / مودی حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی نوٹس

مودی حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی نوٹس

وائی ایس آر کانگریس کی پیش کردہ تحریک کو تلگو دیشم کی بھی حمایت

نئی دہلی۔ 15 مارچ (پی ٹی آئی) وائی ایس آر کانگریس نے آج بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی نوٹس دی۔ آندھرا پردیش کو خصوصی زمرہ کا موقف دینے سے مرکز کے انکار کے باعث یہ تحریک پیش کی گئی۔ غیرمتوقع طور پر اس تحریک کو وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی کٹر حریف حکمراں تلگو دیشم پارٹی نے حمایت کی ہے۔ وائی ایس آر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ وائی وی سبا ریڈی نے لوک سبھا سیکریٹریٹ کو یہ نوٹس دیتے ہوئے کل ایوان کی کی کارروائی کی فہرست میں اس تحریک کو شامل کرنے پر زور دیا۔ اس تحریک کو صرف اس صورت میں قبول کیا جائے گا، اگر ایوان میں کم از کم 50 ارکان اس کی تائید کریں گے۔ اگر تحریک کو قبول کیا گیا تو یہ مودی حکومت کے خلاف پہلی عدم اعتماد کی تحریک ہوگی۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر جگن موہن ریڈی نے مختلف پارٹیوں کے قائدین کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس تحریک کیلئے ان کی تائید کی خواہش کی ہے۔ مکتوب میں انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر آندھرا پردیش کیلئے خصوصی زمرہ کا موقف دینے سے مرکز گریز کرتا رہے گا تو ایسی صورت میں ان کی پارٹی کے تمام ارکان پارلیمنٹ 6 اپریل کو اپنے استعفے پیش کردیں گے۔ کل پارلیمنٹ میں آئندہ ہفتے کے ایجنڈے کو قطعیت دی جائے گی۔ وائی ایس آر کانگریس کے حق میں تائید کا فیصلہ کرتے ہوئے تلگو دیشم رکن پارلیمنٹ ٹی نرسمہم نے کہا کہ ان کی پارٹی اس تحریک کی تائید کرے گی جبکہ آندھرا پردیش میں وائی ایس آر کانگریس، تلگو دیشم کی کٹر حریف ہے۔

TOPPOPULARRECENT