Friday , November 17 2017
Home / Top Stories / مودی حکومت کی ’ تغلقی‘ انداز کارکردگی :ممتابنرجی

مودی حکومت کی ’ تغلقی‘ انداز کارکردگی :ممتابنرجی

وزیراعظم پلاسٹک کرنسی کے سیلز مین بن گئے ، ترنمول کانگریس کا احتجاج جاری

نئی دہلی؍ کولکتہ۔10 جنوری۔(سیاست ڈاٹ کام)  چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے وزیراعظم نریندر مودی پر شدید تنقیدوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اُن کا تقابل 14 ویں صدی کے دہلی کے شاہ سلطان محمد بن تغلق سے کیا جو اپنی نت نئی پالیسیوں کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مرکز میں انھوں نے کئی حکومتیں دیکھی لیکن اس طرح کی تغلقی حکومت پہلی بار دیکھی ہے ۔ وہ (مودی ) بالکل تغلقی انداز میں کام کرتے ہوئے مختلف اوقات میں مختلف پالیسیاں وضع کررہے ہیں۔ ممتا بنرجی نے یہاں ایک میلے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تغلقی حکومت کے تغلقی فیصلوں نے معیشت کو تباہ کردیا ۔ مودی بابو پلاسٹک کرنسی کے سیلزمین بن گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کیا لوگ پلاسٹک کھائیں گے ؟ عوام کے پاس آج نقد رقم نہیں اور اُن کی دولت کو ’کالا دھن ‘جبکہ بی جے پی کی دولت کو ’سفید دھن ‘قرار دیا جارہاہے ۔ اس دوران ترنمول کانگریس نے نوٹ بندی کے خلاف اور کروڑوں روپئے  کے روز ویلي گھوٹالے میںپارٹی کے دو ارکان پارلیمنٹ کی گرفتاری کے خلاف آج بھی یہاں دھرنا دیا ۔پارٹی کے سینئر لوک سبھا ممبر سوگت رائے نے یہاں جاری مظاہرہ میں الزام لگایا کہ مودی حکومت سی بی آئی کا غلط استعمال کر رہی ہے۔

نوٹ بندی کی مخالفت کر رہے لوگوں کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی کے خلاف پارٹی کی لڑائی جاری رہے گی۔انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی آمرانہ انداز میں کام کر رہے ہیں۔ اسی طرح آمریت کے طریقے پر سوویت یونین میں کام کاج ہوتا تھا۔نوٹ بندي کے فیصلے فوجی حکومت میانمار اور گھانا جیسے ممالک میں بھی ہوئے ہیں لیکن کسی جمہوری ملک میں نوٹ بندی جیسے فیصلے نہیں ہوئے ہیں۔ڈاکٹر رائے نے ریزرو بینک کے گورنر ارجت پٹیل پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو اداکرنے میں پوری طرح  ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان سے قبل کے گورنر رگھو رام راجن نے نوٹ بندی کی مخالفت کی تھی اس لئے انہیں خارج کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ریزرو بینک کو کٹھ پتلی بنا دیا ہے اور اسی کے خلاف ترنمول کانگریس کی لڑائی چل رہی ہے ۔لوک سبھا میں پارٹی کے لیڈر سدیپ بندھوپادھیائے اور ایک دیگر رہنما تاپس پال کو روز ویلی چٹ فنڈ گھوٹالے میں سی بی آئی نے حال ہی میں گرفتار کیا ہے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT