Sunday , December 17 2017
Home / ہندوستان / مودی حکومت کے 2 سالہ جشن کا تحفہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ : سی پی ایم

مودی حکومت کے 2 سالہ جشن کا تحفہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ : سی پی ایم

نئی دہلی ۔ یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ پر تنقید کرتے ہوئے سی پی ایم نے آج یہ الزام عائد کیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مودی حکومت کے دو سالہ جشن کے مصارف عوام سے وصول کئے جائیں۔ پارٹی نے ایک صحافتی بیان میں کہا ہے کہ عوام پر اضافی بوجھ ایسے وقت عائد کیا گیا ہے جبکہ بی جے پی حکومت اپنے اقتدار کا 2 سالہ جشن منارہی ہے اور عوام کو جشن کے مصارف ادا کرنے کے لئے مجبور کیا جارہا ہے۔ سی پی ایم نے ایندھن کی قیمت میں اضافہ کے فیصلے کے لئے موقع و محل پر سوال اُٹھایا اور کہاکہ ملک میں زرعی شعبہ بحران کا شکار ہے اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ سے یہ بحران مزید شدت اختیار کرجائے گا کیوں کہ زیرزمین پانی نکالنے کے لئے ایندھن ایک بنیادی ضرورت ہے اور قیمتوں میں اضافہ سے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کے عوام پر مزید بوجھ عائد ہوجائے گا۔ بائیں بازو کی جماعت نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات پر محصولیات (ڈیوٹی) میں اضافہ کے ذریعہ حکومت منافع کمانا چاہتی ہے اور گزشتہ 2 سال کے دوران اکسائز ڈیوٹی میں 5 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے جوکہ قابل قبول نہیں ہے اور حکومت عوام پر بوجھ عائد کرتے ہوئے خود کفیل نہیں بن سکتی جبکہ وہ دولتمندوں کو ٹیکس رعایتوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ سی پی ایم نے اپنے کارکنوں کو ہدایت دی کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف احتجاج کریں۔ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد دہلی میں فی لیٹر پٹرول 65.60 روپئے  اور ڈیزل 53.93 روپئے ہوگیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT