Tuesday , November 21 2017
Home / سیاسیات / مودی قوم کے زخموں کے اندمال سے قاصر :کانگریس

مودی قوم کے زخموں کے اندمال سے قاصر :کانگریس

کانگریس ترجمان آنند شرما کی وزیراعظم پر سخت تنقید ، نہرو کے بارے میں تفصیلی مطالعہ کا مشورہ
نئی دہلی ۔ /3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ قوم کے زخموں کا اندمال کرنے سے قاصر ہیں جبکہ کئی شعبوں میں قوم کو بحران کا سامنا ہے ۔ کانگریس نے کہا کہ وزیراعظم کو چاہئیے کہ حقیر سیاست سے بلند ہوکر قوم کے زخموں کا اندمال کریں ۔ پارٹی کے سینئر قائد آنند شرما نے کہا کہ مودی نے نکیتا پروشچیف کا حوالہ دیا ہے ۔ یہ ایک اچھی علامت ہے لیکن انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو دستوری حق کی مخالفت کرنے کا کوئی حق نہیں پہونچتا ۔ وزیراعظم کا جواب المناک اور مایوس کن ہے ۔ انہوں نے اپوزیشن قائدین بشمول راہول گاندھی کے اٹھائے ہوئے مسائل میں سے ایک کا بھی جواب نہیں دیا ۔ لوک سبھا میں صدرجمہوریہ کے خطاب پر تحریک تشکر پر مباحث کا جواب دیتے ہوئے مودی نے حکومت کے کئی شعبوں میں ناکام رہنے کے بارے میں ایک لفظ بھی نہیں کہا ۔ انہوں نے درپیش چیالنجوں کے سامنا کرنے کی منصوبہ بندی کا بھی اظہار نہیں کیا ۔ آنند شرما نے کہا کہ وزیراعظم معیشت کو درپیش بحران کی یکسوئی کا تذکرہ کرنے سے بھی قاصر رہے ۔ برآمدات کم ہوتی جارہی ہیں وزیراعظم نے اچانک پاکستان کا دورہ کیا تھا ، کالے دھن کو وطن واپس لانے کا انتخابی وعدہ کیا تھا ۔ جواہر لال نہرو یونیورسٹی تنازعہ اور روہت ویملا کی خودکشی کے بارے میں بھی وزیراعظم نے خاموشی اختیار کی ۔ انہوں نے جواہر لال نہرو، اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے الفاظ کی یاددہانی پر وزیراعظم مودی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہتر ہوتا کہ نریندرمودی سابق وزرائے اعظم کے پارلیمنٹ میں خلل اندازی کے بارے میں بھی تبصروں کا حوالہ دیتے ۔ تاہم اس سے معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے پڑھنا شروع کردیا ہے لیکن انہیں ہندوستان کے پہلے وزیراعظم کے بارے میں اور بھی تفصیل سے پڑھنے کی ضرورت ہے ۔ ہندوستانی قوم پرستی کیا ہے اور ہندوستان کا نظریہ کیا ہے انہیں ممکن ہے کہ کڑوا معلوم ہوتا ہو لیکن انہیں اس کے بارے میں سب کچھ جاننے کی ضرورت ہے ۔ یو پی اے کی میعاد کے دوران ایوان پارلیمنٹ میں 900 گھنٹوں میں سے 500 گھنٹے بی جے پی نے برباد کئے تھے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT