Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / مودی نے پرامن گجرات کو پرتشدد ریاست بنادیا

مودی نے پرامن گجرات کو پرتشدد ریاست بنادیا

راہول گاندھی پر حملہ کی مذمت ۔ صدر پردیش کانگریس کا بیان
حیدرآباد /4 اگست ( سیاست نیوز ) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اُتم کمار ریڈی نے گجرات میں بی جے پی غنڈوں کی جانب سے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی پر پتھراؤ کی مذمت کرتے ہوئے باپو کے پرامن گجرات کو پر تشدد ریاست میں تبدیل کردینے کا وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا ۔ اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ گجرات میں سیلاب کی تباہ کاریوں کا جائزہ لینے اور متاثرین سے ملاقات کرنے پہونچنے والے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی پر بی جے پی کے قائدین اور کارکنوں نے پتھراؤ کیا جس سے ان کے کار کا شیشہ ٹوٹ گیا ۔ بی جے پی کی حرکت سے پتہ چلتا ہے کہ کانگریس نائب صدر کی حفاظت میں گجرات حکومت پوری طرح ناکام ہوگئی ہے جو ہندوستان کے وزیر اعظم کیلئے شرم کی بات ہے ۔ راہول گاندھی پر بی جے پی کے حملے سے یہ ثابت ہوگیا کہ بی جے پی کانگریس اور راہول گاندھی سے خوفزدہ ہے ۔ ان پر کیا جانے والا حملہ بوکھلاہٹ کی علامت ہے ۔ ساتھ ہی یہ حملہ بی جے پی حکومت کی لا اینڈ آرڈر کی ناکامی کا جیتا جاگتا ثبوت ہے ۔ امن کے علمبردار گاندھی جی کے گجرات کو وزیر اعظم نے پر تشدد ریاست میں تبدیل کرتے ہوئے اپنی ناکامیوں کا ثبوت دیا ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس نے بی جے پی غنڈوں کی جانب سے راہول گاندھی پر حملے کی ذمہ داری کو قبول کرکے ملک کے عوام سے معذرت خواہی کرنے کا وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ ایسے حملوں سے کانگریس اور راہول گاندھی کے حوصلے پست نہیں ہوں گے ۔ بلکہ مزید شدت سے کانگریس غنڈہ گردی کے خلاف اپنی آواز بلند کرے گی اور فرقہ پرستوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب ہونے نہیں دے گی ۔

TOPPOPULARRECENT