Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / مودی پر سابق فوجیوں کی زندگی سے کھلواڑ کا الزام

مودی پر سابق فوجیوں کی زندگی سے کھلواڑ کا الزام

راہول گاندھی کی گرفتاری کی شدید مذمت، اتم کمار ریڈی کا بیان

حیدرآباد۔/2نومبر، ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کو گرفتار کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے سابق فوجیوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کرنے کا وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا۔ آج شام اپنی قیامگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ سابق فوجی صوبیدار رام کشن گریوال نے ون رینک ون پنشن اسکیم پر عمل نہ کرنے پر بطور احتجاج خودکشی کرلی ہے۔ اپنے مکتوب خودکشی میں بھی سابق فوجی نے اس کا اعتراف کیا ہے۔ اس کی اطلاع ملتے ہی کانگریس کے قومی نائب صدر راہول گاندھی سابق فوجی کے غمزدہ ارکان خاندان سے ملاقات کرنے کیلئے پہونچنے پر پولیس نے انہیں اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ جس کی تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹیشدید  مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ون رینک ون پنشن اسکم پر عمل آوری کے معاملہ میں این ڈی اے حکومت سنجیدہ نہیں ہے۔ وزیر اعظم نے ہندوستانی فوجیوں پر جہاں اپنے فخر کا اظہار کیا ہے وہیں ون رینک ون پنشن اسکیم کو نظرانداز کرتے ہوئے سابق فوجیوں کی توہین کی ہے۔ یو پی اے کے دور حکومت 2014 فبروری کو پارلیمنٹ میں ون رینک ون پنشن اسکیم کو منظوری دی گئی تھی۔ تاہم بی جے پی حکومت اس پر عمل نہ کرتے ہوئے سابق فوجیوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کررہی ہے اور سرحدوں پر اپنی زندگیوں کو خطرہ میں ڈال کر ملک کی حفاظت کرنے والے فوجیوں کی بے عزتی کررہی ہے۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ صوبیدار رام کشن گریوال نے اپنے خودکشی مکتوب میں ون رینک ون پنشن اسکیم پر عمل آوری نہ کرنے کی وجہ سے خودکشی کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ تاہم مرکزی مملکتی وزیر خارجہ وی کے سنگھ نے خودکشی کرنے والے سابق فوجی کے ذہنی توازن پر خدشات کا اظہار کیا ہے جو قابل مذمت ہے۔ وی کے سنگھ کے خدشات سے پتہ چلتا ہے کہ خود ان کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے، خود ایک سابق فوجی سربراہ ہونے کے باوجود سابق فوجیوں کے خلاف مرکزی وزیر کا ریمارک مضحکہ خیز ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ 15 دن قبل ہی راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ون رینک ون پنشن اسکیم پر عمل کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔
لیکن وزیر اعظم نے اس پر مثبت ردعمل کا اظہار نہیں کیا جو سابق فوجیوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کرنے کا موجب بن گیا۔

TOPPOPULARRECENT