مودی چھوٹی سی ٹوپی پہننے کیلئے پریشان : سلمان خورشید

فرخ آباد 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے وزیر خارجہ سلمان خورشید نے آج کہاکہ حالانکہ گجرات کے قائد کو دیگر ریاستوں کے روایتی لباس پہننے میں کوئی تکلیف نہیں ہے لیکن وہ ایک چھوٹی سی ٹوپی پہننے کے بارے میں پریشان ہیں۔ وہ گجرات کے ایک واقعہ کا حوالہ دے رہے تھے جبکہ مودی نے مسلم قائدین کی پیش کی ہوئی ٹوپی پہننے سے انکار کردیا تھا حالانکہ اُنھوں نے کئی دیگر ملبوسات، پگڑی اور سافا جو دیگر ریاستوں سے تعلق رکھتے ہیں، پہنے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ایک دوسرے کے احترام سے کسی کے مذہب کو کوئی نقصان نہیں پہونچتا بلکہ علاقہ کے مقامی عوام کے ساتھ قربت پیدا ہوتی ہے اور ہم آہنگی اور خیرسگالی پیدا کرنے کا موقع ملتا ہے۔ سلمان خورشید اپنے پارلیمانی حلقہ انتخاب کے ایک روزہ دورہ پر ہیں۔ اُن سے مسلمانوں سے راج ناتھ سنگھ کی معذرت خواہی کے بارے میں سوال کیا گیا، اُنھوں نے جواب دیا کہ اِس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ ایک کمزور شخص ہیں۔ مودی کے جلسوں میں ہجوم کے بارے میں اُنھوں نے کہاکہ یہ معاوضہ ادا کرکے لائے گئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT