Friday , April 20 2018
Home / Top Stories / مودی کو وارانسی ہی کیا ، کہیں بھی شکست دینا ممکن : ڈگ وجئے سنگھ

مودی کو وارانسی ہی کیا ، کہیں بھی شکست دینا ممکن : ڈگ وجئے سنگھ

پچھلے 4 سال میں ایڈمنسٹریشن خستہ ،معیشت تباہ ، سینئر کانگریس لیڈر کا انٹرویو
نئی دہلی۔10اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے کہاکہ اگر حکمت عملی صحیح ہو تو وزیراعظم نریندر مودی کو نہ صرف وارانسی سے بلکہ ملک کے کسی بھی حصے میں شکست دی جاسکتی ہے ۔انھوں نے ایک خانگی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں کہاکہ صدر کانگریس راہول گاندھی کی پوری کوشش ہو گی کہ وہ 2019 کے عام انتخابات میں مودی کو شکست دیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل راہول گاندھی نے کہا تھا کہ متحد اپوزیشن کے آگے 2019 ء جیتنا تو دور، وزیراعظم خود اپنی وارانسی نشست بھی گنوا دیں گے ۔انہوں نے متحد اپوزیشن کی طرف سے مودی اور بی جے پی کو 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں شکست دینے کے خیال کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ پھولپور اور گورکھپور کے ضمنی انتخابات اپوزیشن پارٹیوں کو متحد ہو کر بی جے پی کو شکست دینے کی مثال ہے ۔کانگریسی لیڈر نے مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ان کی حکومت میں فرقہ وارانہ کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے ۔ مودی حکومت کے گزشتہ چار سال میں انتظامیہ کی حالت خستہ اور معیشت تباہ ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ فرقہ وارانہ تشدد سنگین تشویش ہے ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا ’’ضرور، میں سیاست میں رہوں گا، لیکن پکوڑا نہیں تلوں گا۔ تاہم میرے سیاسی مستقبل کا فیصلہ پارٹی کے لیڈر راہول گاندھی کریں گے‘‘۔

TOPPOPULARRECENT