Monday , April 23 2018
Home / شہر کی خبریں / مودی کی بھوک ہڑتال ، عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش

مودی کی بھوک ہڑتال ، عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش

اپنی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے سیاسی شعبدہ بازی کا مظاہرہ : محمد علی شبیر
حیدرآباد۔ 12 اپریل (سیاست نیوز) قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر نے پارلیمنٹ کی کارروائی کو باقاعدہ طور پر چلانے میں ناکام ہونے والے وزیراعظم نریندر مودی کی ایک روزہ بھوک ہڑتال کو ’’اُلٹا چور کوتوال ڈانٹے‘‘ کے مترادف قرار دیا۔ محمد علی شبیر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مرکزی حکومت پارلیمنٹ کو عوام اور ملک کیلئے سودمند بنانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ اپنی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے بی جے پی ایک روزہ بھوک ہڑتال کا اہتمام کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ بی جے پی کی ملک گیر بھوک ہڑتال کو محمد علی شبیر نے سیاسی شعبدہ بازی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ مسلم ریزرویشن کوٹہ اور آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے میں ناکام ہونے والی این ڈی اے حکومت غیرضروری اپوزیشن کو بدنام کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل نے کہا کہ این ڈی اے کی حلیف جماعتیں اے آئی اے ڈی ایم کے، تلگو دیشم اور ٹی آر ایس نے پارلیمنٹ میں احتجاج اور شوروغل مچاتے ہوئے ایوان کی کارروائی میں رکاوٹ پیدا کی ہے۔ وزیراعظم مودی نے 23 دن تک خاموش تماشہ دیکھا، اس پر کوئی لب کشائی نہیں کی اور نہ ہی ایوان کی کارروائی کو باقاعدہ بنانے کیلئے کوئی پہل کی۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ بجٹ سیشن تک بی جے پی خوف زدہ تھی۔ انہیں ڈر تھا کہ اگر پارلیمنٹ کی کارروائی باقاعدہ چلتی تو اہم موضوعات مثلاً سی بی ایس ای پیپر کے افشائ، بینک اسکامس کے علاوہ دوسرے اہم مساائل آندھرا پردیش کو خصوصی، کاویری پانی کا مسئلہ موضوع بحث بن جاتا جس کی کانگریس تائید کررہی ہے۔ ایک منظم سازش کے تحت بی جے پی نے پارلیمنٹ کا قیمتی وقت ضائع کیا اور اس کا سارا الزام کانگریس پر تھوپتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں سے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ بی جے پی ، پنجاب نیشنل بینک اسکام اور انتخابی منشور و وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوچکی ہے جس سے ملک کے عوام بی جے پی سے بدظن ہوچکے ہیں۔ اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے وزیراعظم کے بشمول بی جے پی کے سارے ارکان پارلیمنٹ ڈرامہ کررہے ہیں۔ بی جے پی کے زیراقتدار ریاستوں میں اقلیتیں اور دلت غیرمحفوظ ہیں۔

TOPPOPULARRECENT