Saturday , September 22 2018
Home / دنیا / مودی کی تقریب میں نواز شریف کی شرکت خوش آئند

مودی کی تقریب میں نواز شریف کی شرکت خوش آئند

ہند۔پاک تعلقات مستحکم ہوں گے : سوراج پال

ہند۔پاک تعلقات مستحکم ہوں گے : سوراج پال
لندن 24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) لارڈ سوراج پال نے آج وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے ہندوستان کے منتخبہ وزیراعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح برصغیر کے دو اہم ممالک میں دوستی اور بھائی چارہ میں اضافہ ہوگا۔ دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے سے دست و گریباں رہے لیکن ایک ایسے موقع پر جب مودی نے اپنی وزارت عظمیٰ کے سفر کا آغاز بھی نہیں کیا ہے اور پاکستان کے وزیراعظم کو مدعو کرنا نیک نیتی کی علامت ہے۔

یہ خبر سننے کے بعد ہند و پاک کے شہری چاہے وہ دنیا کے کسی بھی گوشے میں ہوں اور اُن کے خیر خواہوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے کہ نواز شریف ایک مسرت بھری محفل میں شریک ہوں گے۔ سوراج پال لندن کے ایک کلیدی این آر آئی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ مودی نے نواز شریف کو مدعو کرتے ہوئے یقیناً جرأت مندی کا مظاہرہ کیا ہے اور بالکل اسی طرح نواز شریف نے بھی مودی کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے اچھے پڑوسی ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ سوراج پال نے کہاکہ اُنھیں توقع ہے کہ دونوں قائدین کے درمیان بہترین ہم آہنگی پیدا ہوگی۔ اگر آغاز اچھا ہو تو انجام بھی اچھا ہی ہوتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مشہور انگریزی مقولہ All’s Well That Ends Well میں تھوڑی سی تحریف کرتے ہوئے وہ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ All’s Well That Begins Well

TOPPOPULARRECENT