Tuesday , November 13 2018
Home / Top Stories / مودی کی ریلی کے قریب پکوڑے بیچنے والے طلبہ گرفتار

مودی کی ریلی کے قریب پکوڑے بیچنے والے طلبہ گرفتار

بنگلورو میں کانوکیشن لباس میں ملبوس طلبہ کا انوکھا احتجاج
بنگارو ۔ /4 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پولیس نے بنگلورو میں آج وزیراعظم نریندر مودی کی ریلی سے چند گھنٹے قبل کالج طلبہ کے ایک گروپ کو اٹھالیا ۔ روزگار سے متعلق وزیراعظم کے ریمارکس پر عملی طنز و تنقید کے طورپر یہ طلبہ ڈگری کے حصول کے لئے مخصوص کانوکیشن لباس پہنے راہگیروں میں ’’ پکوڑے‘‘ فروخت کررہے تھے ۔ مودی کی ریلی کے مقام پیلس گراؤنڈ سے چند میٹر دور میکھری سرکل کے قریب یہ طلبہ جمع ہوئے جہاں انہوں نے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کو پکوڑے بیچنے سے مربوط کرنے سے متعلق وزیراعظم کے حالیہ ریمارکس کے خلاف احتجاج کیا ۔ ان نوجوان طلبا نے ریلی کے راستہ پر راہگیروں میں جن میں کئی عام افراد اور بی جے پی کارکن بھی شامل تھے ’ مودی پکوڑے‘ ، ’امیت شاہ پکوڑے‘ اور ’ یدی یورپا پکوڑے‘ فروخت کیا ۔ بعد ازاں پولیس نے احتجاجی طلبہ کے ڈگری کا مخصوص لباس ہٹالیا اور ان طلبہ کو تحویل میں لے لیا گیا ۔ واضح رہے کہ روزگار سے متعلق ایک سوال پر وزیراعظم مودی نے ایک نیوز چیانل سے کہا تھا کہ آپ کے اسٹوڈیو کے باہر پکوڑے بیچنا بھی ایک روزگار ہے جس سے روزانہ 200 روپئے کی آمدنی ہوتی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT