Monday , September 24 2018
Home / ہندوستان / مودی کی ماں کیلئے نواز شریف کا تحفہ وزیراعظم کا اظہار ِتشکر

مودی کی ماں کیلئے نواز شریف کا تحفہ وزیراعظم کا اظہار ِتشکر

گاندھی نگر۔ 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کی ماں ہیرابین کو وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی جانب سے بھیجا گیا تحفہ آج موصول ہوا۔ نواز شریف نے گزشتہ ماہ ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔ نریندر مودی کی ماں ہیرابین اپنے دوسرے لڑکے پنکج کے ساتھ گاندھی نگر میں مقیم ہے۔ انہوں نے میڈیا کو ایک ہرا باکس دکھایا جس میں سفید رنگ کی ساڑی کا تحفہ موجود تھا۔ اس باکس پر پاکستان کا نشان تھا اور ’’وزیراعظم ہند کی ماں‘‘ تحریر کیا ہوا تھا۔ ہیرابین نے گفٹ باکس کھولا اور اس میں موجود تحریری پیام دکھایا جس پر لکھا تھا کہ ’’وزیراعظم پاکستان کی جانب سے نیک تمناؤں کے ساتھ‘‘۔ ہیرا بین نے مسکراتے ہوئے تحفہ قبول کیا اور سفید رنگ کی یہ ساڑی سب کو دِکھائی۔ انہوں نے میڈیا سے بات نہیں کی لیکن دونوں ہاتھ جوڑ کر اظہارِ تشکر کیا۔ نواز شریف کے اس جذبہ خیرسگالی کا نریندر مودی نے ٹوئٹر پر جواب دیا۔ انہوں نے لکھا کہ ’’نواز شریف جی نے میری ماں کے لئے انتہائی عمدہ ساڑی بھیجی ہے، مَیں اس کیلئے ان کا شکر گزار ہوں اور یہ ساڑی بہت جلد میری ماں کو بھیج رہا ہوں‘‘۔ نریندر مودی نے نواز شریف کی ماں کو شال بطورِ تحفہ پیش کی تھی۔

مودی کا پہلا بیرونی دورہ ٔ بھوٹان
نئی دہلی۔ 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی اوآخر ماہ پڑوسی ملک بھوٹان کا سفر کررہے ہیں اور یہ اقتدار سنبھالنے کے بعد ان کا پہلا بیرونی دورہ ہوگا۔ اعلیٰ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بھوٹان کی قیادت سے باہمی اور علاقائی مسائل پر بات چیت ہوگی۔ اس دورہ کے ذریعہ ہندوستان کی جانب سے پڑوسی ممالک کی اہمیت کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔ مودی توقع ہے کہ وسط جولائی میں برکس چوٹی اجلاس میں شرکت کیلئے برازیل کا دورہ کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT