Wednesday , September 19 2018
Home / Top Stories / مودی کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ : امیت شاہ

مودی کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ : امیت شاہ

تاجروں کے مفاد کیلئے کام کرنے راہول گاندھی کا الزام ، بی جے پی اور کانگریس میں نوک جھونک

نئی دہلی۔ 16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ نے آج پی ای ڈبلیو مرکز کے سروے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی مقبولیت میں ملک گیر سطح پر مسلسل بلارکاوٹ اضافہ جاری ہے اور معیشت کی حالت پر اطمینان عروج پر ہے۔ امریکی دانشوروں کی تنظیم کے سروے کے بموجب 80% ہندوستانیوں کا کہنا ہے کہ ملک کے معاشی حالات آرام دہ ہیں حالانکہ مودی نے گزشتہ نومبر میں اعلیٰ مالیتی کرنسی نوٹوں کی برخاستگی کا فیصلہ کیا تھا۔ پی ای ڈبلیو کی عالمی تحقیق کے بموجب مودی کی حکومت برسراقتدار آنے کے بعد عوام کا حکومت پر اعتماد ہے۔ قوم کا جمہوریت پر اعتماد درست سمت میں ہے اور اس میں اچانک نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ امیت شاہ نے اپنے سلسلہ وار ٹوئٹر پیامات میں یہ بات کہی۔ سروے میں اعداد و شمار کے بموجب مودی انتہائی مقبول قومی شخصیت ہیں۔ شمالی ہند میں ان کی مقبولیت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ مغربی اور جنوبی ہند میں ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ مشرقی ہند میں اس میں خفیف سی کمی ائی ہے۔ امیت شاہ نے سروے کے انکشافات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سروے کے بموجب ملک کے طول و عرض اور تمام آبادیاتی گروپس میں مودی کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ وہ مختلف مسائل سے جس انداز میں نمٹ رہے ہیں، اس کو بھی عوام کی تائید حاصل ہے۔ ہندوستان گیر سطح پر 21 فروری تا 10 مارچ، 2464 افراد نے سروے کے سوالات کے جواب دیئے۔ امیت شاہ نے ذرائع ابلاغ کے ماہرین کو قومی یوم صحافت کی مبارکباد دی اور ان کی ان کے پیشہ سے وابستگی کی ستائش کی کیونکہ وہ جمہوریت کے چوتھے ستون کے اقدار کی سرفرازی کے لئے انتھک محنت کررہے ہیں۔ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی ’’رافیل سودے میں تاجروں کو فائدہ پہنچانے کے لئے وزیراعظم نے مکمل طور پر تبدیلیاں کیں۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امیت شاہ کے فرزند جے شاہ سے وزیراعظم نے کوئی سوالات نہیں کئے حالانکہ مودی حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد اس کے کاروبار میں کئی گنا اضافہ ہوا۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ آپ مجھ سے کئی سوالات کرتے اور میں تمام کا جواب دیتا ہوں۔ میں آپ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ وزیراعظم مودی سے رافیل سودے کے بارے میں کیوں نہیں پوچھتے۔ امیت شاہ کے فرزند کے بارے میں سوالات کیوں نہیں کرتے؟
انہوں نے سوال کیا کہ ایک تاجر کو فائدہ پہچان وزیراعظم نے پورے رافیل سودے کو کیوں تبدیل کردیا۔ وہ نوتشکیل شدہ کل ہند غیرمنظم کارکنوں کی کانگریس کے جلسہ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ راہول گاندھی نے اظہار اطمینان کیا کہ وہ غیرمنظم کارکنوں کی کانگریس تشکیل پانے پر مطمئن ہیں اور ان سے تبادلہ خیال میں خوشی محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کارکنوں سے خواہش کی کہ وہ تبدیلیوں کے لئے بنیادی سطح سے کام کریں، صرف اجلاسوں کے انعقاد اور خاموش بیٹھے رہنے سے کچھ نہیں ہوگا۔ کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے جاریہ ہفتہ کے اوائل میں الزام عائد کیا تھا کہ طیاروں کی خریداری کی قیمت طئے شدہ قیمت سے کئی گنا زیادہ ہے۔ یو پی اے حکومت کے دور میں ٹنڈروں کی کشادگی کے عمل کی تکمیل پر مقرر کی گئی تھی۔ کانگریس نے حکومت پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ قومی سلامتی کی قیمت پر سمجھوتہ کررہی ہے۔ کانگریس کے شعبۂ مواصلات کے سربراہ سرجے والا نے کہا تھا کہ حکومت نے سرکاری شعبہ ہندوستان ایروناٹکس لمیٹیڈ کے مفادات کو نظرانداز کردیا ہے۔ بی جے پی نے تمام الزامات کو مسترد کردیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT