Sunday , June 24 2018
Home / سیاسیات / مودی کے سازشی الزامات پر منموہن سنگھ کی شکایت

مودی کے سازشی الزامات پر منموہن سنگھ کی شکایت

راجیہ سبھا میں وینکیا نائیڈو کی ترغیب پر قائد ایوان جیٹلی کا اپوزیشن کو بات چیت کاتیقن
نئی دہلی۔ 19 ڈسمبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے گجرات انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کو ہرانے کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر سازش کرنے الزامات کی شکایت چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو سے کی اور اس موضوع پر اپنی پریشانی بھی ان کو بتائی۔راجیہ سبھا میں وقفہ سوالات کے درمیان اپوزیشن کے لیڈر غلام نبی آزاد نے جب یہ موضوع اٹھایا کہ وزیراعظم نریندرمودی نے گجرات انتخابات کے دوران سابق وزیراعظم منموہن سنگھ ،سابق نائب صدر حامد انصاری،سابق وزیرخارجہ نٹور سنگھ،سابق آرمی چیف دیپک کپور اور سابق خارجہ سکریٹری سلمان حیدر پر الزام لگایا کہ ان لوگوں نے مودی کو ہرانے کے لئے کانگریس لیڈر منی شنکر ایئر کے گھر پر پاکستانی افسروں سے مل کر سازش کی ہے ،اس لئے مودی کو اس مسئلہ پر ایوان میں آکر معافی مانگنی چاہئے ۔اس پر چیئرمین نائیڈو نے کہا کہ ایوان کی کارروائی چلنے کیلئے رکاوٹیں دور کی جانی ضروری ہیں اور اپوزیشن قائدین کے ساتھ مل کر اس پر بات چیت کر کے راستہ نکالنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ منموہن سنگھ نے مجھ سے ملاقات کرکے اس مسئلے پر اپنے احساسات کا اظہار کیا ہے اور میں نے ان کی باتیں سنی ہیں۔انہوں نے ایوان کے لیڈر ارون جیٹلی سے کہا کہ وہ اس مسئلے کو سلجھانے کے لئے اپوزیشن پارٹیوں کے قائدین سے بات چیت کریں۔اس پر جیٹلی نے ایوان کو بتایا کہ وہ اپوزیشن کے ساتھ مل کر اس موضوع پر بات چیت کریں گے ،ان کی بات سن کر آزاد سمیت سبھی اپوزیشن قائدین مطمئن ہوگئے ۔اس سے پہلے وقفہ سوالات شروع ہونے پر تقریباً 15 منٹ تک منموہن سنگھ کا موضوع ایوان میں چھایا رہا اور برسراقتدار پارٹی اور اپوزیشن کے درمیان کافی تکرار ہوئی۔

پراپرٹی معاملت کیلئے آدھار لازمی نہیں : حکومت
نئی دہلی ۔ 19 ڈسمبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پارلیمنٹ کو آج مطلع کیا گیا کہ جائیدادوں کی معاملتوں کو آدھار سے لازمی طورپر مربوط کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے ۔ لوک سبھا میں تحریری جواب پیش کرتے ہوئے مملکتی وزیر (آزادانہ چارج ) برائے امکنہ و شہری اُمور ہردیپ سنگھ پوری نے کہا کہ وزارت دیہی ترقیات نے ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں کو رضامندی پر مبنی آدھار تصدیق سے استفادہ کے امکانات کھوجنے کامشورہ دیا تھا لیکن ابھی اسے لاگو نہیں کیا گیا ۔

TOPPOPULARRECENT