Saturday , November 25 2017
Home / Top Stories / موسلا دھار بارش سے دونوں شہروں میں جل تھل

موسلا دھار بارش سے دونوں شہروں میں جل تھل

حیدرآباد 25 اگسٹ ( سیاست نیوز ) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں جمعہ کی شام سے موسلادھار بارش نے سارے شہر کو جل تھل کردیا ۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں سڑکیں جھیل کا منظر پیش کر رہی تھیں۔ گذشتہ چند دنوں سے شہر میں بارش کا سلسلہ رکا ہوا تھا اور در جہ حرارت میں قدرے اضافہ بھی ریکار ڈ کیا جا رہا تھا ۔ جمعہ کی صبح سے ہی موسم ابر آلود اور خوشگوار تھا ۔ صبح اور دو پہر کے علاوہ سہ پہر تک بھی وقفہ وقفہ سے ہلکی پھوار اور بوندا باندی نے موسم کو خوشگوار بنائے رکھا تھا تاہم شام کے بعد سے موسم میں تبدیلی آئی اور 7 بجے کے بعد سے بارش کا سلسلہ شروع ہوا ۔ کچھ علاقوں میں ہلکی اور کچھ علاقوں میں تیز ہوتی بارش نے رات 9 بجے سے شدت اختیار کرلی اور اس کا سلسلہ نصف شب کے بعد تک بھی جاری رہا ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ اطراف و اکناف کی بلدیات میں بھی موسلا دھار بارش جاری رہی تھی جس کی وجہ سے شہر کے کئی علاقے جھیل کا منظر پیش کر رہے تھے ۔ شام کے وقتوں میں تیز ہوئی بارش کے نتیجہ میں عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ کئی مقامات پر سڑکوں پر کمر برابر یا کچھ مقامات پر اس سے زیادہ پانی جمع ہوگیا تھا ۔ بارش کا پانی جمع ہونے سے سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہوئی ۔ کئی مصروف علاقوں میں ٹریفک جام بھی دیکھا گیا ۔ گاڑیاں ناکام ہوگئیں اور پیدل چلنے والوں کو بھی پانی جمع ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ کچھ علاقوں میں برقی سربراہی میں بھی خلل پڑا ۔ چند مقامات پر برقی سربراہی کو تھوڑے سے وقت میں بحال کردیا گیا جبکہ کچھ علاقوں میں کافی دیر تک تاریکی چھائی رہی ۔ پرانے شہر کے بیشتر نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ حکام کے بموجب جی ایچ ایم سی کے حدود میں رات 11 بجے تک 7 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ سب سے زیادہ بارش میڑچل ‘ اپل ‘ ملکاجگری اور بندلہ گوڑہ منڈلوں میں ہوئی ۔ یہاں 92.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ کوکٹ پلی اور بالا نگر کے علاقوں میں 92 مل میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ رنگا ریڈی ‘ سیری لنگم پلی اور مادھاپور کے حدود میں 91.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کئے جانے کی اطلاع ہے ۔ رامچندرا پورم میں 80.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ۔ عنبرپیٹ میں 80.5ملی میٹر ‘ بیگم پیٹ میں 79.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ۔ خیریت آباد اور سرینگر کالونی میں 63.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی فلک نما اور بہادر پورہ منڈل میں 44 ملی میٹر بارش ریکارڈ کئے جانے کی اطلاع ہے ۔ کہا گیا ہے کہ شہر کے نواحی علاقوں میں اپل ‘ کوکٹ پلی ‘ بالا نگر ‘ سرور نگر ‘ پٹن چیرو ‘ قطب اللہ پور ‘ ملکاجگری ‘ کاپرا ‘ شیخ پیٹ ‘ راجندر نگر ‘ سرور نگر ‘ ترملگھیری وغیرہ میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی ۔ جی ایچ ایم سی کی ہنگامی ٹیمیں بارش کے بعد حرکت میں آگئیں اور حمایت نگر ‘ اشوک نگر ‘ بورا بنڈہ ‘ ٹولی چوکی ‘ گولکنڈہ ‘ عنبر پیٹ ‘ بہادر پورہ اور پتھر گٹی و معظم جاہی مارکٹ علاقوں میں جمع پانی کی نکاسی کیلئے اقدامات کئے ۔

TOPPOPULARRECENT