Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / موسمی بیماریوں سے متعلق 17 جون سے بیداری مہم

موسمی بیماریوں سے متعلق 17 جون سے بیداری مہم

عوام کو روک تھام کے اقدامات سے واقف کرایا جائے ، وزیر صحت کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت نے 17 جون سے 23 جون تک موسمی بیماریوں سے متعلق بیداری مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عوام کو روک تھام کے اقدامات سے واقف کرایا جاسکے ۔ وزیر صحت ڈاکٹر سی لکشما ریڈی نے ایک ویڈیو کانفرنس کے دوران محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ دوسرے محکمہ جات سے تال میل کے ساتھ موسمی بیماریوں سے متعلق عوام کو باخبر کریں ۔ وزیر صحت نے کہا کہ موسمی بیماریوں کی وجہ سے ہر سال اموات ہورہی ہیں اور ایسا عوام میں انسدادی اقدامات سے متعلق عدم آگہی کی وجہ سے ہورہا ہے ۔ خاص کر بارش کے موسم میں موسمی بیماریوں کا زور زیادہ رہتا ہے ۔ یہ صورتحال پینے کے پانی کے ذخائر میں نئے پانی کے بہاؤ سے پیدا ہوتی ہے ۔ پانی آلودہ ہوجاتا ہے ۔ اس کی وجہ سے مچھروں کی افزائش ہوتی ہے ۔ پانی کے جمع ہونے سے آلودگی پیدا ہوتی ہے ۔ آلودہ پانی اور خوارک کی وجہ سے کئی بیماریاں بشمول آنتوں کی سوزش ، ٹائیفائیڈ ، ہیضہ ، ملیریا ، ڈینگو ، سوائن فلو ، لاحق ہوتے ہیں ۔ لکشما ریڈی نے کہا کہ مناسب بیداری اور انسدادی و احتیاطی اقدامات کے ذریعہ عوام کو بیماریوں سے بچایا جاسکتا ہے ۔ وزیر صحت نے کہا کہ موسمی بیماریاں بعض اوقات پیشہ طب سے وابستہ افراد اور ڈاکٹرس کے لیے چیلنج بن جاتی ہیں ۔ لکشما ریڈی نے محکمہ صحت کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ موسمی بیماری پھوٹ پڑنے کا انتظار نہ کریں بلکہ انسدادی اقدامات کریں اور اس طرح کی بھی موسمی بیماری سے فوری نمٹیں ۔ انہوں نے فیلڈ اسٹاف بشمول آشا ورکرس میڈیکل اور نیم میڈیکل اسٹاف سے کہا کہ وہ عوام کو صفائی ستھرائی کا خیال رکھنے کی تاکید کریں ۔ پرنسپال سکریٹری راجیشور تیواری ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر للیتا کماری دیگر عہدیداروں اور تمام ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسرس نے ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی ۔۔

TOPPOPULARRECENT