Friday , October 19 2018
Home / شہر کی خبریں / موسم گرما کے ابتداء کے آغاز کے ساتھ ہی غیر معلنہ برقی کٹوتی

موسم گرما کے ابتداء کے آغاز کے ساتھ ہی غیر معلنہ برقی کٹوتی

مختلف علاقوں میں یومیہ 2 تا 4 گھنٹے برقی مسدودی ، محکمہ برقی شکایتوں کے ازالہ سے قاصر
حیدرآباد۔21فروری (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے ریاست میں بلا وقفہ معیاری برقی سربراہی کے اعلان تو کردیئے لیکن شہر میں موسم گرما کی ابتدائی کے ساتھ ہی برقی کٹوتی کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور شہر کے کئی علاقوں سے غیر معلنہ برقی کٹوتی کی شکایات موصول ہونے لگی ہیں۔ حیدرآباد کے علاوہ نواحی علاقو ںمیں رہائشی علاقوں کے علاوہ شہر کے سرکردہ تجارتی علاقوں میںبھی برقی سربراہی میں خلل کی شکایتیں ہیں۔ گذشتہ ایک ہفتہ سے جہاں شہر کے درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے وہیں شہر میں برقی کٹوتی کی شکایات میں بھی اضافہ ریکارڈ ہونے لگا ہے لیکن کوئی بھی عہدیدار اس بات کو تسلیم کرنے تیار نہیں ہے کہ یہ غیر معلنہ برقی کٹوتی ہے بلکہ یہ کہتے ہوئے دامن بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ موسم گرما کی آمد کے پیش نظر مرمتی کام جاری ہیں جس کے سبب برقی سربراہی میں خلل پیدا ہو رہا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں برقی سربراہی کو معیاری اور بلاوقفہ رکھنے کے لئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن اس کے باوجود شہر کے کئی علاقو ںسے موصول ہونے والی شکایات میں یہ بات کہی جا رہی ہے کہ دن میں دو تا چار گھنٹے برقی منقطع کی جا رہی ہے اور شکایات پر کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ عہدیداروں کا کہناہے کہ شکایات وصول ہورہی ہیں لیکن ان شکایات کے ازالہ کے لئے اتنا وقت نہیں لگایا جا رہا ہے ۔ آسمان گڑھ‘ ملک پیٹ‘ چارمینار‘ یاقوت پورہ‘ بندلہ گوڑہ‘ عطا پور اور راجندر نگر کے علاقوں سے گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران متعدد شکایات وصول ہو چکی ہیں اور تین دن کے دوران حمایت نگر‘ عابڈز‘ بشیر باغ ‘ نامپلی اور دیگر علاقوں سے بھی برقی سربراہی منقطع کئے جانے کی شکایات موصول ہو رہی ہیں ۔ محکمہ برقی کے عہدیداروں نے بتایا کہ شہری علاقوں کے علاوہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں بھی برقی سربراہی نظام کو بہتر بنانے کے لئے مرمتی کاموں کا عمل جاری ہے لیکن شہریو ںکا الزام ہے کہ روزانہ کے اساس پر غیر معلنہ برقی کٹوتی کی جا رہی ہے اور موسم گرما کے دوران برقی کی طلب میں ہونے والے اضافہ سے نمٹنے کیلئے ایسا کرنا معمول کی بات ہے لیکن حکومت کی جانب سے برقی پیداوار میں اضافہ اور دیگر ریاستوں سے برقی خریدی کی معاملتوں کا جائزہ لیا جائے تو صرف ریاست کے دارالحکومت میں ہی نہیں بلکہ ریاست کے تمام اضلاع میں بلا وقفہ معیاری برقی سربراہی کو یقینی بنایا جانا چاہئے لیکن عوام یں یہ احساس شدت سے پایا جانے لگا ہے کہ موسم گرما کے عروج پر پہنچنے تک شہر کے علاوہ اضلاع میں برقی کٹوتی میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT