Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے عنقریب علحدہ اتھاریٹی کی تشکیل

موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے عنقریب علحدہ اتھاریٹی کی تشکیل

اب تک کے پراجکٹ کے لیے محکموں میں عدم تال میل ، کونسل میں وقفہ سوالات
حیدرآباد۔27ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاستی حکومت موسی ندی کو خوبصورت بنانے کے پراجکٹ کیلئے علحدہ اتھاریٹی کی تشکیل کے متعلق جلد فیصلہ کرے گی۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ نے قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ موسی ندی کو خوبصورت بنانے کے پراجکٹ کے سلسلہ میں تاحال حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی اور حیدرآباد واٹر ورکس اینڈ سیوریج بورڈ کی نگرانی میں کام انجام دیئے جا رہے تھے۔ جناب سید امین الحسن جعفری نے وقفہ سوالات کے دوران مسٹر کے جناردھن ریڈی‘ مسٹر پی رویندر اور مسٹر کے پربھاکر کے سوال پر جاری مباحث کے دوران کہا کہ حکومت جی ایچ ایم سی ‘ واٹر ورکس اور ایچ ایم ڈی اے کے ذریعہ موسی ندی کو خوبصورت بنانے کے منصوبہ پر عمل کررہی ہے جس کے سبب محکمہ جاتی تال میل نہیں ہو پا رہا ہے۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے اس جانب توجہ دہانی پر کہا کہ حکومت موسی ندی پراجکٹ کے لئے علحدہ اتھاریٹی تشکیل دے گی۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کا 93فیصد فضلہ موسی ندی میں جاتا ہے جس کے سبب اس ندی کو خوبصورت بنانا مشکل ترین امر ہوتا جا رہا ہے ۔ جناب محمد علی شبیرقائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل نے بتایا کہ 20سال سے اس ندی کو خوبصورت بنانے کے پراجکٹ پر کام جاری ہے لیکن اب بھی صورتحال جوں کی توں ہے  اس میں کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ موسی ندی کو خوبصورت بنانے کے پراجکٹ پر مؤثر عمل آوری کی صورت میں سیاحوں کی آمد میں اضافہ اور شہری کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے اسی لئے حکومت کو چاہئے کہ وہ اس مسئلہ پر توجہ مرکوز کرے۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے حکومت کی جانب سے ماہرین سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے اور اس پراجکٹ کی تکمیل کی صورت میں شہر کی اراضیات کی قیمت میں بھی اضافہ کا امکان ہے اور ٹاٹا کے ماہرین نے اس سلسلہ میں ایک رپورٹ بھی حکومت کو پیش کی ہے۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق نے بتایا کہ سابق میں موسی ندی کو خوبصورت بنانے کے پراجکٹ کے نام پر ربر ڈیم تعمیر کئے گئے لیکن اب ان ربر ڈیم کی جگہ مچھروں کی افزائش کا مقام بن چکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ موسی ندی کو خوبصورت بنانے کیلئے تیار کردہ منصوبہ مرکزی حکومت کو روانہ کرتے ہوئے امداد حاصل کی جائے گی اور اس پراجکٹ کو بہتر بنانے کیلئے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر کی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے بہت جلد سیکریٹری بلدی نظم ونسق مسٹر نوین متل کے علاوہ دیگر ماہرین احمدآباد میں واقع سابر متی ندی کا معائنہ کرتے ہوئے اسے خوبصورت بنانے کے منصوبہ کا جائزہ لیں گے اور اسی طرز پر موسی ندی کو خوبصورت بنانے کے پراجکٹ پر عمل آوری کا آغاز کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT