Monday , December 11 2017
Home / Top Stories / موسیٰ ندی کی صفائی و خوبصورتی کیلئے3000کروڑ روپئے کا منصوبہ

موسیٰ ندی کی صفائی و خوبصورتی کیلئے3000کروڑ روپئے کا منصوبہ

ندی کی مغربی و مشرقی راہداریوں پر ایکسپریس ہائی ویز کی تعمیر کی تجویز: کے ٹی راما راؤ

حیدرآباد۔7مارچ ( این ایس ایس ) حکومت تلنگانہ نے حیدرآباد کو خوبصورت عصری انفراسٹرکچر ‘ بہتر سہولتوں اور سڑک راستوں سے مربوط عالمی شہر بنانے کی کوششوں کے ایک حصہ کے طور پر موسیٰ ندی کو صاف اور خوبصورت بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ شہر کے 51 مختلف نالوں کا گندہ پانی موسیٰ ندی میں پہنچتا ہے اور مضافات کی سمت بہتا ہے ۔ تلنگانہ کے وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیاتی کلواکنٹلہ تارک راما راؤ نے آج یہاں موسیٰ ندی کا دورہ کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے سبز ماحولیاتی ادارہ کے فنڈ سے 3000 کرور روپئے کی خطیر رقم حاصل کرنے کا منصوبہ بنائی ہے ۔ اس ضمن میں بہت جلد ایک تجویز نبارڈ کو روانہ کی جاے گی ۔ راما راؤ نے مزید کہا کہ رود موسیٰ کی مشرقی و مغربی راہداریوں پر دو عظیم الشان ایکسپریس ہائی ویز تعمیر کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام مجوزہ بڑے پراجکٹس کو قطعیت دینے کیلئے 15 مارچ کو ایک اجلاس طلب کیا گیا ہے ۔ بعد ازاں اندرون 10دن ایک متعلقہ رپورٹ بغرض منظوری چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو پیش کی جائے گی ۔ تارک راما راؤ نے کہا کہ موسیٰ ندی میں مختلف نالوں سے جمع ہونے والے آلودہ پانی کی صفائی کے لئے مزید پلانٹس نصب کئے جائیں گے اور دونوں کناروں پر سبزہ زار اگایا جائے گا ۔ حیدرآباد میٹرو پولٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی( حڈا) کے عہدیدار بہترین نتائج کے حصول کیلئے خانگی کمپنیوں سے موثر مسابقت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اُپل باغات کے علاقہ کو خوبصورت بنانے کا کام عوامی تعاون کے ساتھ شفاف انداز میں مکمل کیا جائے گا ۔

TOPPOPULARRECENT