Saturday , November 18 2017
Home / اضلاع کی خبریں / موضع شکر واڑی، کرناٹک کا پہلا مثالی گاؤں

موضع شکر واڑی، کرناٹک کا پہلا مثالی گاؤں

آلودگی اور گندگی سے پاک، مکمل شمسی توانائی سے مربوط
گلبرگہ۔ 20اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تڑکل گرام پنچایت تعلقہ الندضلع کلبرگی کا ایک چھوٹا سا موضع شکرواڑی کرناٹک کا پہلا گائوں بننے کا اعزا ز حاصل کرچکا ہے جو مکمل طور پر شمسی توانائی  اسٹریٹ لائٹس سے منسلک ہو چکا ہے۔واضح رہے کہ اسی موضع کو کرناٹک کے اس پہلے موضع ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے جہاں ہر گھر میں بیت الخلا تعمیر کیے جانے کے بعد اسے کھلے میں گندگی کرنے سے پاک موضع قرار دیا گیا تھا۔ضلع پنچایت کے صدر نتن گتہ دار نے شمسی توانائی گرڈ اور شمسی توانائی سے چلنے والی اسٹریٹ لائٹس کے پراجکٹ کا رسمی طور پر افتتاح انجام دیا۔شمسی توانائی اسکیم گلبرگہ،گدگ،میسور ،ہاویری اور باگل کوٹ میں بیک وقت شروع کی گئی تھی۔مگر شکر واڑی موضع نے ان سب سے بازی مار لی اور وہ ریاست کا پہلا موضع بن گیا ہے جہاں اسٹریٹ لائٹس شمسی توانائی سے جلیں گی۔اس منصوبے پر 15لاکھ روپیے کے مصارف آئے ہیں۔4میگا واٹ کے شمسی توانائی اسٹریٹ لائٹس گرڈ کے قیام کے علاوہ اس موضع میں 50اسٹریٹ لائٹس جو اس توانائی سے جلیں گی نصب کی گئی ہیں۔ہر کھمبے پر 20واٹ کا ایک ایل ای ڈی ٹیوب نصب کیا گیا ہے۔ضلع پنچایت کے سی ای او مسٹر انیرودھ شراون نے کہا ہیکہ ریاستی وزیر پنچایت راج و دیہی ترقیات مسٹر ایچ کے پاٹل نے شکر واڑی موضع کے اس سنگ میل کو پار کرنے کی مسرت میں گائوں کی فلاح کے لیے 50لاکھ روپیے کا تحفہ گائوں کو دیے جانے کا اعلان کیا ہے جس سے کہ فلاحی کاموں کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔کہا جارہا ہے کہاس رقم سے گائوں میں سیمنٹ کنکریٹ روڈ تعمیر کی جائیں گی۔رکن اسمبلی مسٹر بی آر پاٹل اور مسٹر گتہ دار نے عوام کی جانب سے گائوں کو کھلے بیت الخلا سے پاک اور شمسی توانائی سے چلنے والی اسٹریٹ لائٹس کا حامل ہونے کا پہلا اعزاز حاصل کرنے پر عوام کی ستائش کی ہے اس گائوں کو انھوں نے مثالی گائوں میں تبدیل کر دیا ہے۔تڑکل موضع کے صدر گرام پنچایت شیوپتراپا بیلے نے اس موقع پر منعقدہ تقریب کی صدارت کی۔

TOPPOPULARRECENT