Tuesday , October 16 2018
Home / ہندوستان / مولانا آزاد اور آچاریہ کرپلانی کو قوم کا خراج عقیدت

مولانا آزاد اور آچاریہ کرپلانی کو قوم کا خراج عقیدت

نئی دہلی۔ 11 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) عظیم مجاہد آزادی اور ملک کے اولین وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد اور نامور گاندھی وادی لیڈر آچاریہ جے بی کرپلانی کو احسان مند قوم نے آج اُن کے یوم پیدائش کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہندوستانی تاریخ کی دو قدآور شخصیات ۔مولانا ابوالکلام آزاد اور آچاریہ جے بی کرپلانی کو ان کی جینتی پر خراج عقیدت۔ ملک کی تحریک آزادی تحریک میں اور اس کے بعد ملک کی تعمیر میں ان کا کردار اہم رہا۔ پارلیمنٹ کے مرکزی ہال میں منعقدہ پروگرام میں راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر غلام نبی آزاد، وزیر مملکت برائے شہری ترقیات ہردیپ سنگھ پوری، سابق نائب وزیر اعظم اور لوک سبھا کی ضابطہ کمیٹی کے چیئرمین لال کرشن اڈوانی اور دیگر متعدد اراکین پارلیمنٹ نے مولانا ابوالکلام آزاد کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کئے ۔ اس پروگرام میں حصہ لینے والے شرکاء کو لوک سبھا سکریٹریٹ کی طرف سے ہندی اور انگریزی میں شائع مولانا ابوالکلام آزاد کی سوانح حیات پیش کی گئی۔ اُس وقت کے صدر جمہوریہ ڈاکٹر راجندرپرساد نے 16 دسمبر 1959 کو پارلیمنٹ کے مرکزی ہال میں مولانا ابوالکلام آزاد کی تصویر کی نقاب کشائی کی تھی۔

TOPPOPULARRECENT